رسائی کے لنکس

ترکیہ نے غزہ میں جنگ بندی تک اسرائیل پر برآمدی پابندیاں عائد کردیں


فائل فوٹو
فائل فوٹو

  • اسرائیل کے لیے 54 مختلف کٹیگریز سے مصنوعات کی برآمدات پر پابندی ہوگی: ترک وزارتِ تجارت
  • پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
  • پابندیوں میں لوہے اور اسٹیل کی مصنوعات، تعمیراتی سامان اور مصنوعات، مشینز اور بہت کچھ شامل ہوگا: وزارتِ تجارت

ترکیہ نے غزہ میں جنگ بندی کے اعلان تک اسرائیل کے ساتھ مصنوعات کی برآمدات پر پابندی عائد کردی ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق ترکیہ کی وزارتِ تجارت نے بدھ کو کہا ہے کہ جب تک غزہ میں جنگ بندی کا اعلان نہیں کیا جاتا اسرائیل کے لیے 54 مختلف کٹیگریز سے مصنوعات کی برآمدات پر پابندی ہوگی اور پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

وزارت کے مطابق پابندیوں میں لوہے اور اسٹیل کی مصنوعات، تعمیراتی سامان اور مصنوعات، مشینز اور بہت کچھ شامل ہوگا۔

ترکیہ کا یہ اعلان اسرائیل کی جانب سے ایئر ڈراپ یعنی فضا کے ذریعے امداد میں حصہ لینے کی ترکیہ کی درخواست مسترد کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔

انقرہ نے اسرائیل کے خلاف اقدامات کا بھی اعلان کیا تھا جس پر بدھ کو باضابطہ طور پر عمل درآمد کردیا گیا ہے۔

اسرائیل کا ردِعمل

ادھر اسرائیل کے وزیرِ خارجہ اسرائیل کاٹز نے ترکیہ کے اقدامات پر برابر کا جواب دینے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل دھونس اور دباؤ میں نہیں آئے گا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ایکس پر انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان "غزہ میں حماس کے قاتلوں کی حمایت کی خاطر ترکیہ کے عوام کے معاشی مفاد کو قربان کر رہے ہیں۔"

واضح رہے کہ ترکیہ غزہ میں اب تک ہزاروں ٹن امداد بھیج چکا ہے اور وہ غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کرتا آ رہا ہے۔

غزہ جنگ: کیا اسرائیل پر دباؤ بڑھ رہا ہے؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:34 0:00

اس سے قبل ترکیہ کے وزیرِ خارجہ حاقان فدان نے پیر کو ایک بیان میں کہا تھا کہ "ہم نے ایئرفورس کے سامان بردار طیاروں کی مدد سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر غزہ میں امدادی کارروائی میں شامل ہونے کی درخواست کی تھی۔ لیکن اسرائیل نے ہماری درخواست کو مسترد کردیا۔"

انہوں نے کہا تھا کہ اسرائیل کے پاس غزہ کے فاقہ کشی کا شکار لوگوں کے لیے فضائی طریقے سے امداد پہنچانے کی کوششوں کو روکنے کا کوئی جواز نہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ نے گزشتہ ماہ نیدرلینڈز، فرانس، اسپین اور دیگر ملکوں کے تعاون سے غزہ میں فضا کے ذریعے امداد کی ترسیل شروع کی تھی۔

ادھر غزہ میں جاری جنگ کو چھ ماہ سے زیادہ ہوگئے ہیں اور جنگ بندی کے لیے کی جانے والی تمام کوششیں اب تک ناکام ہوئی ہیں۔

اسرائیل نے غزہ کے جنوبی شہر رفح میں زمینی آپریشن کے لیے تاریخ مقرر کردی ہے جس پر امریکہ کی جانب سے بھی اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو پر تنقید کی گئی ہے۔

پینٹاگان کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم اس بارے میں بہت واضح ہیں کہ ہم رفح میں کارروائی کی حمایت نہیں کرتے۔

سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد سے شروع ہونے والی اس جنگ میں غزہ کے صحت حکام کے مطابق 33 ہزار سے زائد فلسطینی مارے جا چکے ہیں۔

حماس کے حملوں میں اسرائیلی حکام کے مطابق 1200 افراد ہلاک جب کہ 250 سے زائد کو یرغمال بنایا گیا تھا۔

فورم

XS
SM
MD
LG