رسائی کے لنکس

پاکستانی آرمی چیف جنرل باجوہ کی سعودی ولی عہد سے ملاقات


سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کے روز پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے اور پاکستان کی نئی منتخب حکومت کیلئے بہترین خواہشات اور تعاون کا اظہار کیا ہے۔

مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے آج بدھ کے روز ایک ٹویٹ میں کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو منا میں ملاقات کیلئے مدعو کیا جس کے بعد اُنہوں نے جنرل باجوہ کے اعزاز میں عشایہ دیا۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ دونوں راہنماؤں نے علاقائی سلامتی سمیت باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ شہزادہ سلمان نے جنرل باجوہ کو حج کی مبارک دی جبکہ جنرل باجوہ نے پاکستان کیلئے نیک خواہشات اور حمایت کے اظہار پر شہزادہ سلمان کا شکریہ ادا کیا۔

اس سے پہلے سعودی عرب کے فرمانروا سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے عمران خان کو فون کر کے انتخابات میں کامیابی اور وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی تھی۔

پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سید الملکی وزیر اعظم عمران خان سے ملنے والے پہلے غیر ملکی سفارتکار تھے۔

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل باجوہ آجکل سعودی عرب میں موجود ہیں جہاں اُنہوں نے فریضہ حج ادا کیا۔

XS
SM
MD
LG