رسائی کے لنکس

دہشت گرد پاکستان کو کمزور نہیں کرسکتے: جنرل وائیں


جنرل وائیں فارغ التحصیل ہونے والے ایک کیڈٹ کو اعزازی شمشیر دے رہے ہیں۔
جنرل وائیں فارغ التحصیل ہونے والے ایک کیڈٹ کو اعزازی شمشیر دے رہے ہیں۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے کہا کہ پاکستان کو ایک نئی طرز کی جنگ کا سامنا ہے جس سے ملک کی آزادی اور سالمیت کو خطرات درپیش ہیں۔

پاکستان کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل خالد شمیم وائیں نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر تیزی سے بدلتے حالات نے ان کے ملک کی داخلی سلامتی پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔

اُنھوں نے ہفتہ کو کاکول میں تربیت مکمل کرنے والے نئے فوجی افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایک نئی طرز کی جنگ کا سامنا ہے جس سے ملک کی آزادی اور سالمیت کو خطرات درپیش ہیں۔

جنرل وائیں کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کے سامنے پاکستان یہ ثابت کرے گا کہ شدت پسند اسے کمزور نہیں کر سکتے۔

اُنھوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور بین الاقوامی امن کے فروغ پر یقین رکھتا ہے کیوں کہ یہ ملکی استحکام کے لیے ضروری ہے۔

جنرل وائیں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستانی فوج کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انتہا پسندی کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی۔

یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان میں حالیہ دنوں میں شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے مطالبات سامنے آئے ہیں لیکن حزب اختلاف کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے حکومت پر دباؤ ہے کہ وہ ایسے کسی بھی اقدام سے باز رہے۔ کیوں کہ ان کا موقف ہے کہ ایک نیا فوجی آپریشن ملک میں انتشار اور بدامنی میں اضافےکا سبب بنے گا۔

لیکن رواں ہفتے ایک تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا تھا کہ انتہا پسندی کو شکست دینے کے سوا پاکستان کے پاس کوئی دوسرا چا رہ نہیں۔ تاہم پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی جانب سے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے حق میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
XS
SM
MD
LG