رسائی کے لنکس

نوجوان افسران ذہنی و جسمانی طور پر مستعد رہیں: جنرل راحیل


جنرل راحیل نے نئے افسران سے خطاب میں کہا کہ بحیثیت نوجوان افسر لڑائی میں جن لوگوں کی وہ قیادت کر رہے ہیں انھیں وہ اپنے علم، کردار، ہمت اور قابلیت سے بھی متاثر کریں۔

پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے نئے افسروں پر زور دیا ہے کہ وہ بڑھتے ہوئے پیچیدہ خطرات کے تناظر میں ملک کی حفاظت کے لیے خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر مستعد رکھیں۔

فوج میں پیشہ وارانہ تربیت مکمل کرنےکے بعد شامل ہونے والے نئے افسران سے جمعرات کو اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت نوجوان افسر لڑائی میں جن لوگوں کی وہ قیادت کر رہے ہیں انھیں وہ اپنے علم، کردار، ہمت اور قابلیت سے بھی متاثر کریں۔

پاکستان کو گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے دہشت گردی و انتہا پسندی کا سامنا ہے جس میں اب تک سکیورٹی اہلکاروں سمیت 50 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستانی فوج جون کے وسط سے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف ضرب عضب کے نام سے بھرپور فوجی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے جس میں اب تک اس نے 910 ملکی و غیر ملکی عسکریت پسندوں کو ہلاک اور ان کے زیر قبضہ علاقوں کو واگزار کروایا ہے۔

حکام کے مطابق آپریشن شروع ہونے کے بعد سے اب تک ملک کے مختلف حصوں میں افسروں سمیت 82 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

حالیہ دنوں میں جنرل راحیل شریف کی طرف سے بیانات میں اس عزم کا اعادہ کیا جا چکا ہے کہ پاکستانی فوج دہشت گردوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے گی اور دہشت گردوں کو ملک کے کسی بھی کونے میں جگہ نہیں ملے گی۔

XS
SM
MD
LG