رسائی کے لنکس

گوجرانوالہ: امام بارگاہوں پر فائرنگ، 3 ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

قصر ابوطالب امام بارگاہ میں فائرنگ سے پیش امام اور وہاں موجود ایک شخص ہلاک ہو گیا، جب کہ امام بارگاہ قصر زینبیہ میں پیش آنے والے واقعے میں ایک شخص مارا گیا۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں دو امام بارگاہوں پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پیش امام سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقوں مومن پورہ اور شاہ رخ کالونی میں ہفتہ کو علی الصبح نامعلوم حملہ آوروں نے امام بارگاہوں میں گھس کر فائرنگ کی اور جائے وقوع سے فرار ہو گئے۔

قصر ابوطالب نامی امام بارگاہ میں فائرنگ سے پیش امام اور وہاں موجود ایک شخص ہلاک ہو گیا جب کہ امام بارگاہ قصر زینبیہ میں پیش آنے والے واقعے میں ایک شخص مارا گیا۔

ہلاک ہونے والوں کا تعلق شیعہ مسلک سے بتایا جاتا ہے اور حکام کے مطابق بظاہر یہ واقعات فرقہ وارانہ تشدد کی کڑی معلوم ہوتے ہیں تاہم ان کے اصل محرکات کے بارے میں تحقیقات کے بعد ہی کچھ کہا جاسکتا ہے۔

حکومت نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کرنے کا اعلان کر رکھا ہے اور اس دوران امام بارگاہوں، ماتمی جلوس کی گزرگاہوں اور دیگر اعزاداری کے اجتماعات کے لیے اضافی نفری بھی تعینات کرنے کا کہا گیا ہے۔

پاکستان میں حالیہ برسوں کے دوران محرم الحرام کے دوران دہشت گردی سمیت اکثر ناخوشگوار واقعات دیکھنے میں آتے رہے ہیں۔
XS
SM
MD
LG