رسائی کے لنکس

ابوظہبی ٹیسٹ: پاکستان 282 پر آؤٹ، آسٹریلیا 2 وکٹوں پر 20 رنز


کپتان سرفراز احمد نے 94 رنز کی اننگ کھیلی
کپتان سرفراز احمد نے 94 رنز کی اننگ کھیلی

ابوظہبی ٹیسٹ کے پہلے روز نیتھن لوین کی تباہ کن بولنگ کے باوجود کپتان ٹیم کے کپتان سرفراز اور فخرزمان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالا اور صرف 57 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے باوجود پاکستان نے پہلی اننگز 282 رنز بنالئے۔ سرفراز اور فخرزمان نے 94، 94 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ آسٹریلیا کی طرف سے آف سپنر لوین نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستانی ٹیم کے 282 رنز کے جواب میں آسٹریلیا نے پہلے روز کا کھیل ختم ہونے پر 2 وکٹیں گنوا کر 20 رنز بنائے تھے۔

کپتان سرفراز احمد نے وکٹ کو بیٹنگ کے لئے موزوں جانتے ہوئے ٹاس جیت کر بیٹنگ کو ترجیح دی لیکن دبئی ٹیسٹ ڈرا کرنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم بھی نئے جذبے اور جوش کے ساتھ میدان میں اُتری۔

صرف 5 رنز پر مچل اسٹارک نے محمد حفیظ کو پویلین کی راہ دکھائی۔ کیریئر کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے فخرزمان اور نئے بیٹسمین اظہر علی نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 52 رنز جوڑے اور اسکور 57 تک پہنچا دیا۔

لیکن کسی کو کیا معلوم تھا کہ 57 رنز پر ہی پاکستان ٹیم اپنے چار ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں سے محروم ہوجائے گی۔ نیتھن لوین نے پہلے اظہر علی کو 15 رنز پر آؤٹ کیا اور پھر حارث سہیل، اسد شفق اور بابر اعظم کو ایک کے بعد ایک بغیر کھاتہ کھولے گراؤنڈ سے باہر بھیج دیا۔ یوں صرف 10 منٹ کے دورانیے میں پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی تھی۔

دبئی ٹیسٹ میں کپتانی کے حوالے سے تنقید میں گھرے سرفراز احمد ٹیم کو مشکلات سے نکالنے میدان میں اُترے اور فخرزمان کے ساتھ مل کر پہلے محتاط اور پھر پراعتماد بیٹنگ کی۔ دونوں بیٹسمینوں نے پہلے وکٹ گرنے کے سلسلے کو روکا، پھر کھل کر رنز بنائے اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں 147 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 204 تک پہنچا دیا۔

فخر زمان چائے کے وقفے سے کچھ ہی دیر پہلے مارنس لبوشاگنے کا شکار ہو گئے۔ وہ 94 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور صرف 6 رنز کے فرق سے پہلے ہی ٹیسٹ میں سنچری بنانے کے اعزاز سے محروم رہ گئے۔

نئے بیٹسمین بلال آصف زیادہ دیر تک سرفراز کا ساتھ نہ دے سکے اور 12 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ سرفراز بھی فخرزمان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے 94 رنز پر لبوشاگنے کی گیند پرپیٹر سِڈل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

یاسر شاہ نے آسٹریلوی بولرز کے سامنے کسی قدرمزاحمت کی اور 28 قیمتی رنز بنائے۔ وہ مچل مارش کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ محمد عباس کو مچل اسٹارک نے 10 رنز پر کلین بولڈ کیا۔ یوں پاکستان کی پوری ٹیم 282 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

لوین نے 4، لبوشاگنے نے 3 ، مچل اسٹارک نے 2 اور مچل مارش نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی طرح آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز بھی زیادہ اچھا نہ رہا اور دبئی ٹیسٹ میں شاندار سنچری بنانے والے عثمان خواجہ کو صرف تین رنز پر محمد عباس کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد نے مشکل کیچ لے کر آؤٹ کردیا۔

نائٹ واچ مین پیٹر سِڈل اپنی ذمہ داری پوری نہ کرسکے اور 4 رنز بناکر محمد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اس طرح محمد عباس نے صرف 20رنز پر حریف ٹیم کے دو کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیج دیا۔

پہلے دن کے اختتام پر ایرون فنچ 13 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

XS
SM
MD
LG