رسائی کے لنکس

برسبین ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل ختم، پاکستان مشکلات کا شکار


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان برسبین میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ پر آسٹریلیا کی گرفت مضبوط ہو گئی ہے۔ کھیل کے تیسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بنا لیے تھے۔

پاکستان کو آسٹریلیا کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 276 رنز درکار ہیں جب کہ اس کی سات وکٹیں باقی ہیں۔

شان مسعود 27 جب کہ بابر اعظم 20 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ کپتان اظہر علی پانچ، حارث سہیل آتھ جب کہ اسد شفیق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔

تیسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو کینگروز بلے بازوں نے پر اعتماد انداز میں بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔ آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 351 کے مجموعے پر گری جب ڈیوڈ وارنر 154 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

ڈیوڈ وارنر کی وکٹ کے ساتھ 16 سالہ نسیم شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی وکٹ بھی حاصل کر لی۔ کھیل کے دوسرے روز بھی نسیم شاہ نے ڈیوڈ وارنر کو آؤٹ کر دیا تھا لیکن ان کی گیند کو نو بال قرار دے دیا گیا تھا۔

ڈیوڈ وارنر کی وکٹ گرنے کے باوجود آسٹریلوی بلے بازوں نے پاکستانی بولنگ اٹیک کے خلاف جارحانہ انداز اپنائے رکھا۔

آسٹریلیا کا اسکور 358 پر پہنچا تو یاسر شاہ نے اسٹیو اسمتھ کو بولڈ کر دیا۔

میتھو ویڈ اور ٹم ہیڈ حارث سہیل کا نشانہ بنے جبکہ آسٹریلوی کپتان ٹم پین کو شاہین شاہ آفریدی نے پویلین پہنچایا۔

مارنس لابوشانگ ڈبل سینچری مکمل نہ کر سکے اور شاہین شاہ آفریدی نے انہیں 185 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ جوش ہیزیل ووڈ اور مچل اسٹارک کو بھی یاسر شاہ نے پویلین کی راہ دکھائی۔

یاسر شاہ نے 205 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ کھیل کے تیسرے روز آسٹریلیا کی نو وکٹیں گریں۔

علاوہ ازیں پاکستانی شائقین کرکٹ فاسٹ بالر محمد عباس کو نہ کھلانے پر ٹیم انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ محمد عباس 16 ٹیسٹ میچوں میں اب تک 66 وکٹیں حاصل کر کر چکے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود پہلے ٹیسٹ میں عمران خان کو محمد عباس پر ترجیح دی گئی۔

XS
SM
MD
LG