رسائی کے لنکس

بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں 6.3 شدت کا زلزلہ


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ کئی سکینڈ تک زمین لرزتی رہی اور لوگ اپنے گھروں کو چھوڑ کر کھلے آسمان تلے بچوں اور خواتین کے ساتھ شدید ٹھنڈ میں آ بیٹھے۔

پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بدھ کو زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے درجنوں گھروں کی دیواریں گر گئیں تاہم جانی نقصان نہیں ہوا۔

ضلع گوادر کی انتظامیہ کے مطابق بُدھ کو صبح تین بجے گوادر، پسنی، تربت جیوانی، ہوشاب اور دیگر علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ کئی سکینڈ تک زمین لرزتی رہی اور لوگ اپنے گھروں کو چھوڑ کر کھلے آسمان تلے بچوں اور خواتین کے ساتھ شدید ٹھنڈ میں آ بیٹھے۔

زلزلے سے متعدد کچے گھروں کی دیواریں گر گئیں اور حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔

امریکہ کے جیالوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.3 ریکارڈ کی گئی ہے۔

پاکستان کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس کا مرکز ساحلی شہر پسنی کے قریب تھا جس کی گہرائی لگ بھگ دس کلو میٹر تھی۔

کوئٹہ میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے قائم کے گئے ادارے ’پی ڈی ایم اے‘ کے مطابق زلزلے کے بعد ساحلی اضلاع مکران اور آواران میں اسپتالوں کی انتظامیہ اور دیگر حکام کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کو کہا گیا ہے، جب کہ متاثرہ لوگوں کو خوراک اور دیگر ضروری اشیاء کمبل وغیرہ پہنچانے کے لیے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG