رسائی کے لنکس

بلوچستان:مغوی ڈاکٹر مناف ترین بازیاب


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اغوا کار ڈاکٹر مناف کو لسبیلہ کے علاقے اوتھل میں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ ان کی رہائی کے باوجود بلوچستان میں ڈاکٹروں نے اپنے تحفظ کی یقین دہانی تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے

پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان سے ڈھائی ماہ قبل اغوا ہونے والے معروف معالج ڈاکٹر مناف ترین کو اتوار کو بازیاب کروا لیا گیا۔

ڈاکٹر عبدالمناف ترین نے بازیابی کے بعد بتایا کہ اغوا کار انھیں رات ساڑھے تین بجے لسبیلہ کے علاقے اوتھل میں چھوڑ کر فرار ہوگئے جہاں سے انھوں نے پولیس سے رابطہ کیا۔

اتوار کو کوئٹہ میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ’’ پولیس کے افسران وہاں پہنچے اور مجھے ڈی پی او کے گھر لے گئے جہاں پہلے سے موجود ڈاکٹر نے میری ٹریٹمنٹ کی، میں سب کا بہت ممنون ہوں۔‘‘

ڈاکٹر عبدالمناف کو 17 ستمبر کو کوئٹہ میں اسپتال سے گھر جاتے ہوئے نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا تھا۔ ان کی بازیابی کے لیے ڈاکٹروں کی نمائندہ تنظیموں نے احتجاجاً صوبے میں سرکاری اسپتالوں میں ہڑتال کر رکھی تھی۔

تنظیم کے ایک عہدیدار ڈاکٹر حقداد ترین نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ہڑتال ختم کرنے نہ کرنے کا فیصلہ تاحال برقرار ہے اور جب تک حکومت صوبے میں ڈاکٹروں کے تحفظ کو یقینی نہیں بناتی ڈاکٹرز کام پر واپس نہیں جائیں گے۔

ڈاکٹروں کی تنظیم پاکستان میڈیکل ایسو سی ایشن کے مطابق حالیہ برسوں میں صوبے سے اب تک 26 ڈاکٹروں کو اغوا اور 18 کو ہدف بنا کر قتل کیا جاچکا ہے۔

تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ ڈاکٹر عبدالمناف کی رہائی تاوان کی ادائیگی کے بعد ہوئی یا اس کے لیے کوئی اور قبائلی ذریعہ استعمال کیا گیا۔

تاہم ڈاکٹر حقداد ترین کا موقف ہے کہ اس بازیابی میں پولیس یا حکومت کو کوئی عمل دخل نہیں اور یقیناً مغوی ڈاکٹر کو تاوان کے بدلے رہا کیا گیا ہوگا۔

’’ظاہر ہے کہ اغوا کار اتنے خدا ترس تو نہیں کہ انھوں نے ڈاکٹر مناف کے گھر والوں کی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے انھیں چھوڑ دیا، لازمی بات ہے کوئی نہ کوئی ڈیل تو ہوئی ہوگی۔‘‘

صوبائی سیکرٹری داخلہ اسد عبدالرحمن گیلانی کا کہنا ہے صوبے میں اغوا برائے تاوان کی وارداتوں کو ختم کرنے کے لیے پولیس اور لیویز اہلکاروں پر مشتمل ایک فورس تشکیل دے دی گئی ہے جس نے اب تک صوبے میں اغوا کیے جانے والے 25 میں سے 19 افراد کو بازیاب کیا ہے جب کہ باقی لوگوں کی بازیابی کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔
XS
SM
MD
LG