رسائی کے لنکس

بلوچستان: پرتشدد واقعات میں ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک پانچ زخمی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

یہ واقعہ تربت کے علاقے تُمب میں پیش آیا جہاں ایف سی اہلکار ایک گاڑی پر معمول کی گشت کر رہے تھے کہ مشتبہ شدت پسندوں نے سڑک کے کنارے نصب کیے گئے بم میں ریموٹ کنٹرول سے دھماکا کر دیا۔

پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں تشدد کے مختلف واقعات میں ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک جب کہ پانچ زخمی ہو گئے۔

یہ واقعہ تربت کے علاقے تُمب میں پیش آیا جہاں ایف سی اہلکار ایک گاڑی پر معمول کی گشت کر رہے تھے کہ مشتبہ شدت پسندوں نے سڑک کے کنارے نصب کیے گئے بم میں ریموٹ کنٹرول سے دھماکا کر دیا۔

دھماکے سے گاڑی کو بری طرح نقصان پہنچا اور اس پر سوار ایک اہلکار موقع پر ہلاک جب کہ دو شدید زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کے بعد ایف سی کی مزید نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائی بھی شروع کر دی گئی۔

تربت کا یہ علاقہ ایران کی سرحد کے قریب ہے جہاں مختلف شدت پسند گروہ اپنی کارروائیاں کرتے رہتے ہیں۔

تاحال کسی نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی لیکن ماضی میں ایسے حملوں کی ذمہ داری حکام علاقے میں سرگرم کالعدم عسکری تنظیموں پر عائد کرتے آئے ہیں۔

ادھر پنجگور کے علاقے میں بھی ایک سرکاری تعمیراتی کمپنی کے کیمپ کے قریب سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو بم حملے سے نشانہ بنایا گیا جس میں کم ازکم دو اہلکار زخمی ہوگئے۔

بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال لیکن ملک کا پسماندہ ترین صوبہ ہے۔ یہاں ایک دہائی سے مختلف عسکری اور علیحدگی پسند کالعدم تنظیمیں تخریبی کارروائیاں کرتی آرہی ہیں۔

یہ تنظیمیں خاص طور پر سکیورٹی فورسز پر حملوں کے علاوہ سرکاری املاک اور گیس کی تنصیبات کو نقصان پہنچا چکی ہیں۔

ان تنظیموں کا موقف ہے کہ وہ صوبے کے وسائل میں زیادہ خود مختاری چاہتی ہیں اور اس کے لیے وہ مسلح کارروائیاں کرتی ہیں۔

صوبے کے وزیراعلیٰ عبدالمالک بلوچ نے گزشتہ سال اقتدار میں آنے کے بعد ناراض بلوچ رہنماؤں کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششیں شروع کی تھیں لیکن تاحال انھیں اس میں کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ہے۔

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں تشدد کے واقعات کوئی غیر معمولی بات نہیں لیکن حکام کے بقول موجودہ حکومت کی طرف سے امن و امان کے لیے کی جانے والی کوششوں کے باعث پرتشدد واقعات اور منظم جرائم میں ماضی کی نسبت کمی واقع ہوئی ہے۔

XS
SM
MD
LG