رسائی کے لنکس

سیمی فائنل کوہ ہمالیہ کی دوسری طرف ہے


دفاعی چیمپین آسٹریلیا، میزبان انگلینڈ اور عالمی رینکنگ میں ٹاپ ٹیم بھارت کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔ چوتھی ٹیم نیوزی لینڈ کے نام کا اعلان اس لیے نہیں کیا جا رہا کیونکہ پاکستان کے پاس ایک موقع باقی ہے۔ لیکن یہ موقع ایسا ہے جیسے میراتھان جیتنے کے لیے راستے میں کوہ ہمالیہ کو عبور کرنا ہو۔

پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا آخری میچ جمعہ کو بنگلادیش کے خلاف لارڈز میں کھیل رہی ہے۔ پاکستان کے 8 میچوں میں 9 پوائنٹس ہیں اور میچ جیت کر نیوزی لینڈ کے مساوی یعنی 11 پوائنٹس ہو جائیں گے۔ لیکن نیوزی لینڈ کا نیٹ رن ریٹ پاکستان سے بہت بہتر ہے۔

نیٹ رن ریٹ کیسے نکالا جاتا ہے؟ ٹیم کے تمام میچوں کے کل رنز کو اوورز سے تقسیم کریں تو رن ریٹ حاصل ہوتا ہے۔ ٹیم کے خلاف بنائے گئے تمام رنز کو اوورز سے تقسیم کریں اور جواب کو رن ریٹ سے منہا کر دیں۔ اسے نیٹ رن ریٹ کہتے ہیں۔

ماہرین اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ پاکستان اگر جمعہ کو 400 رنز بنائے اور بنگلادیش کو 84 رنز تک محدود کر دے تو اس کا نیٹ رن ریٹ نیوزی لینڈ سے بہتر ہو جائے گا اور وہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گا۔ لیکن یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے آج تک 400 رنز نہیں بنائے۔ اس کا ہائی اسکور 399 رنز ہے جو اس نے گزشتہ سال زمبابوے کی کمزور ٹیم کے خلاف بنایا تھا۔

اگر پاکستانی بیٹسمین کل سب کو حیران کرتے ہوئے 400 رنز بنانے میں کامیاب ہو جائیں تو یہ ماننا آسان نہیں کہ بنگلادیش کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ 84 رنز پر ڈھیر ہو کر 316 رنز سے میچ ہار جائے گی۔ ون ڈے کرکٹ میں آج تک کوئی ٹیم 300 رنز سے نہیں جیتی۔

کپتان سرفراز احمد نے بھی میچ سے پہلے پریس کانفرنس میں تسلیم کیا ہے کہ ان کی ٹیم 500 رنز بھی بنا دے تو بنگلادیش کو کم اسکور پر آؤٹ کرنا ممکن نہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 36 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جا چکے ہیں۔ پاکستان نے 31 اور بنگلادیش نے 5 میچ جیتے ہیں۔ لیکن خاص بات یہ ہے کہ پاکستان گزشتہ پانچ سال میں بنگلادیش سے ایک بھی میچ نہیں جیتا۔

انگلینڈ میں دونوں ٹیموں نے صرف ایک میچ میں سامنا کیا تھا۔ 1999 کے ورلڈکپ میں کھیلا گیا وہ میچ بنگلادیش نے جیتا تھا۔ اتفاق سے سرفراز احمد نے بھی بنگلادیش کے خلاف جس ایک میچ میں قیادت کی ہے، اس میں انھیں شکست اٹھانا پڑی تھی۔

مجموعی طور پر پاکستان 924 ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکا ہے جن میں 483 میں فتح اور 413 میں شکست ہوئی۔ 8 میچ ٹائی ہوئے جب کہ 20 نامکمل رہے۔

پاکستانی ٹیم انگلینڈ کی سرزمین پر 89 ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکی ہے جن میں 37 میں کامیابی جب کہ 50 میں شکست ہوئی۔ 2 میچ نامکمل رہے تھے۔ لارڈز میں پاکستان کرکٹ ٹیم 12 میچ کھیل چکی ہے جن میں 5 میں کامیابیاں ملی ہیں۔ یہاں پاکستان اور بنگلادیش پہلی بار ایک دوسرے کا سامنا کریں گے۔

ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں پاکستان 78 میچ کھیل چکا ہے جن میں 44 میں کامیابی اور 32 میں ناکامی ہوئی۔ 2 مقابلے مکمل نہیں ہو سکے۔

سرفراز احمد اب تک 47 ون ڈے انٹرنیشنلز میں کپتانی کر چکے ہیں جن میں 25 میچ انھوں نے جیتے ہیں اور 20 ہارے ہیں۔ 2 میچ مکمل نہیں ہوئے۔

جمعہ کو میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہو گا۔

XS
SM
MD
LG