رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو وارم اپ میچ میں شکست دے دی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنے افتتاحی میچ سے قبل ویسٹ انڈیز کو وارم اپ میچ میں سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

پیر کو دبئی میں کھیلے گئے اس میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے۔

جواب میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم کی نصف سینچری اور فخر زمان کی دھواں دھار 46 رنز کی اننگز کی بدولت گرین شرٹس نے ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر 27 گیندیں قبل ہی با آسانی حاصل کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے اوپننگ بلے باز محمد رضوان نے 13 رنز کی اننگز کھیلی اور وہ روی رامپال کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ چھتیس کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان کے پویلین لوٹنے کے بعد کپتان بابر اعظم اور فخر زمان نے دوسری وکٹ پر 58 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کو جیت کے قریب کر دیا۔

بابر اعظم 41 گیندوں پر 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں ایک چھکا اور چھ چوکے شامل تھے۔ مڈل آرڈر میں محمد حفیظ کوئی رنز بنائے بغیر آؤٹ ہوئے جب کہ شعیب ملک نے 14 اور فخر زمان نے 46 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کی تو کوئی بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔ شمرون ہٹمیر 28، کیرن پولارڈ 23 اور کرس گیل 20 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ دیگر بلے بازوں میں لینڈل سمنز 18، آندرے فلیچر 2، روسٹن چیز 9 اور نکولس پورن 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور حارث رؤف نے دو دو جب کہ عماد وسیم نے تین اوور میں چھ رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سپر 12 ٹیموں کے درمیان مقابلوں کا آغاز 23 اکتوبر سے ہو گا۔ اس سے قبل کوالیفائنگ ٹیموں کے درمیان مقابلے جاری ہیں جب کہ پہلے سے کوالیفائی کرنے والی ٹیمیں اپنے اپنے وارم اپ میچز کھیل رہی ہیں۔

پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 24 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔

XS
SM
MD
LG