رسائی کے لنکس

پہلی خاتون وزیراعظم بینظیر بھٹو کی آٹھویں برسی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور دو بار ملک کی وزیراعظم رہنے والی بینظیر بھٹو 27 دسمبر 2007ء کو راولپنڈی میں سیاسی جلسے سے خطاب کے بعد اسلام آباد جاتے ہوئے خودکش بم حملے کا نشانہ بنیں۔

پاکستان کی سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی آٹھویں برسی اتوار کو منائی جا رہی ہے جس کی مرکزی تقریب صوبہ سندھ کے علاقے گڑھی خدابخش میں منعقد کی گئی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور دو بار ملک کی وزیراعظم رہنے والی بینظیر بھٹو 27 دسمبر 2007ء کو راولپنڈی میں سیاسی جلسے سے خطاب کے بعد اسلام آباد جاتے ہوئے خودکش بم حملے کا نشانہ بنیں۔

پہلی بار دسمبر 1988ء میں جب وہ وزارت اعظمیٰ کے منصب پر فائز ہوئیں تو انھیں پاکستان اور مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔ تقریباً 20 ماہ کے بعد اس وقت کے صدر غلام اسحٰق خان نے حکومت کو برطرف کرتے ہوئے قومی اسمبلی تحلیل کردی۔

وہ دوسری مرتبہ اکتوبر 1993ء میں اقتدار میں آئیں لیکن یہ دور بھی نومبر 1996ء کو اپنی آئینی مدت پوری کیے بغیر پہلے دور کی طرح اسمبلیوں کی تحلیل کے باعث ختم ہو گیا۔

21 جون 1953 ء کو کراچی میں پیدا ہونے والی بینظیر بھٹو کو اپنے والد ذوالفقار علی بھٹو کی صحیح معنوں میں جانشین قرار دیا جاتا تھا۔ انھوں نے 1977ء جنرل ضیا الحق کی طرف سے ذوالفقار بھٹو کی حکومت ختم کیے جانے کے بعد پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کی کوششوں کو جاری رکھا اور اس دوران انھیں جلاوطنی کی زندگی بھی گزارنا پڑی۔

اپنے دوسرے دور اقتدار کے خاتمے کے کچھ عرصہ بعد بینظیر نے ایک بار پھر خود ساختہ جلاوطنی اختیار کی اور ان کا زیادہ وقت لندن اور دبئی میں گزرا۔

اکتوبر 2007ء کو جلاوطنی ختم کر کے پاکستان واپسی پہنچیں اور بھرپور انداز میں سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا شروع کیا۔

ملک میں عام انتخابات کا اعلان ہو چکا اور دیگر سیاسی رہنماؤں کی طرف وہ بھی مختلف علاقوں میں جلسوں اور ریلیوں سے خطاب کرنے میں مصروف ہو گئیں۔

27 دسمبر کو راولپنڈی کے تاریخی مقام لیاقت باغ میں پیپلز پارٹی کے جلسہ عام سے خطاب کر کے جیسے ہی وہ باغ سے باہر آئیں تو ان کے قافلے پر فائرنگ اور خودکش حملہ ہوا اور وہ اپنے درجنوں دیگر کارکنوں کے ہمراہ جان کی بازی ہار گئیں۔

ان کی تدفین گڑھی خدابخش میں کی گئی جہاں ان کے والد اور بھائیوں کی قبریں بھی موجود ہیں۔

2008ء کے عام انتخابات کے نتیجے میں پاکستان پیپلز پارٹی برسر اقتدار آئی اور اسے یہ اعزاز حاصل ہوا کہ وہ پانچ سالہ آئینی مدت پوری کرنے والی پہلی حکومت تھی۔ لیکن اس سارے عرصے میں اور اس کے بعد اب تک بینظیر بھٹو کے قتل کا مقدمہ اپنے منطقی انجام تک نہیں پہنچ سکا ہے۔

XS
SM
MD
LG