رسائی کے لنکس

1180 میگاواٹ بھکی پاور پلانٹ کا 84 فی صد کام مکمل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انہوں نے بتایا کہ اس پر اجیکٹ کا 84 فی صد کام مکمل ہو چکا ہے اور موجودہ موسم گرما سے یہ پلانٹ 718 میگا واٹ بجلی فراہم کرنا شروع کر دے گا۔

افضل رحمنٰ

پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف ان دنوں مختلف مقامات پر زیر تکمیل منصوبوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ بدھ کے روز انہوں نے شیخوپورہ کے قریب زیر تعمیر بھکی پاور پلانٹ کا دورہ کیا جہاں تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قدرتی گیس سے بجلی بنانے کا 1180 میگا واٹ کا یہ پراجیکٹ 2018 تک مکمل ہو جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس پر اجیکٹ کا 84 فی صد کام مکمل ہو چکا ہے اور موجودہ موسم گرما سے یہ پلانٹ 718 میگا واٹ بجلی فراہم کرنا شروع کر دے گا۔

اپنی تقریر میں وزیر اعظم نے حسب معمول اپنے سیاسی حریف پاکستان تحریک انصاف کے چیئر میں عمران خان کی ہدف تنقید بنایا ۔ انہوں نے اپنے سیاسی حریف سے قومی ترقی کے کاموں میں تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت کے خلاف سازشیں کرنا چھوڑ دیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین نے بدھ ہی کے روز کراچی میں ایک پریس کانفرنس میں وزیر اعظم کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ پہلی بار نا مکمل منصوبوں کا افتتاح ہوتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ منصوبوں کے افتتاح سے کچھ نہیں ہو گا اور سپریم کورٹ ان کی تلاشي لے گی۔

حالیہ دنوں میں زیر تعمیر منصوبوں کے افتتاح اور وزیر اعظم کے دوروں پر تبصرہ کرتے ہوئے تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری رضوی نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ان دوروں کا مقصد بظاہر یہ دکھائی دیتا ہے کہ اگر کہیں عدالت عظمی ٰ کا فیصلہ پاکستان مسلم لیگ کے قائد کے خلاف آ جائے تو پھر نئے انتخابات کرانا لازم ہو جائے گا۔ اس طرح اپنی کارکردگی دکھا کر عدالتوں پر بھی دباؤ ڈال ڈالا جا رہا ہے اور آئندہ ممکنہ انتخابات کے لیے بھی مہم چلائی جا رہی ہے۔

وزیر اعظم نے بدھ کے روز شیخوپورہ میں اپنی تقریر میں حکومت کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ انہوں نے محنت کی ہے تو اب وہ فیتے کیوں نہ کاٹیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہونے والی مثبت اقتصادی پیش رفت کی دنیا بھر میں تعریف کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے اپنے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ وہ 2018 تک ملک بھر میں نہ صرف بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کر دیں گے بلکہ بجلی کی قیمت میں بھی کمی کر دیں گے۔

XS
SM
MD
LG