رسائی کے لنکس

گیس کے اضافی بل، صارفین کے ڈھائی ارب روپے واپس کرنے کا فیصلہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان میں گیس کے صارفین سے اضافی بلوں کی مد میں ڈھائی ارب روپے زائد وصول کئے گئے ہیں جسے وفاقی کابینہ نے صارفین کو واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کابینہ کے اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں ہوا جس میں 30 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا کو کابینہ کے فیصلوں کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری نے بتایا کہ گیس صارفین کے اضافی بلوں سے متعلق ایک بڑا اسکینڈل سامنے آیا ہے اور تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ اضافی گیس بلوں کے متاثرین کی تعداد 32 لاکھ ہے۔

کچھ عرصہ قبل عوام کی جانب سے گیس کے بلوں میں اضافے کی شکایات کو نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی جس کی ابتدائی رپورٹ آنے کے بعد صارفین کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

پاکستان کی حکومت نے ضلع نارووال میں واقع بابا گرو نانک کی زرعی اراضی پر تعمیرات نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی پنجاب کے وزیر اور سکھ رہنما نوجوت سنگھ سدھو نے وزیراعظم عمران خان کو لکھے گئے ایک خط میں اپیل کی تھی کہ جس زمین پر بابا گرونانک کاشت کرتے رہے ہیں اس30 ایکڑ رقبے پر تعمیرات نہ کی جائیں۔

وفاقی کابینہ نے زراعت کے شعبے کے پانچ سالہ منصوبے تحت زراعی اصلاحات کی کے لیے 290 ارب روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے اور لائیو اسٹاک اور فشریز کے شعبوں کی ترقی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے شرکت کی اور زراعت کے پانچ سالہ منصوبہ پر بریفنگ دی۔ جہانگیر ترین کو سپریم کورٹ نے کسی عوامی عہدے کے لئے نااہل قرار دے دیا تھا۔ حزب اختلاف کی جماعتوں نے کابینہ کے اجلاس میں ان کی شرکت پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سزا یافتہ شخص کو آئینی فورم پر بٹھانا توہین عدالت ہے۔

میڈیا کو بتایا گیا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد یوم پاکستان کی پریڈ میں مہمان خصوصی ہوں گے۔

وفاقی کابینہ نے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ کرائسٹ چرچ کی دہشت گردی میں نو پاکستانی ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوئے تھے۔

فواد چودھری نے بتایا کہ راولپنڈی میں احتساب عدالت نمبر دو کی اسلام آباد منتقلی کی بھی منظوری دی گئی ہے اور کہا کہ یہ خالصتاً ایک انتظامی فیصلہ ہے۔

XS
SM
MD
LG