رسائی کے لنکس

آسیہ بی بی کی صدر سے سزا معاف کرنے کی اپیل


آسیہ بی بی کی صدر سے سزا معاف کرنے کی اپیل
آسیہ بی بی کی صدر سے سزا معاف کرنے کی اپیل

گورنر پنجاب سلمان تاثیرنے توہین رسالت کے جرم میں سز ا پانے والی مسیحی خاتون آسیہ بی بی سے ہفتے کے روز شیخوپورہ میں ملاقات کی اوراس موقع پر آسیہ بی بی نے صدر آصف علی زرداری سے اپنی سزا معاف کرنے کی اپیل گورنر کے سپر د کی۔

سلمان تاثیر نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ عدالتی عمل میں مداخلت کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے تاہم اُنھوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ صدر توہین رسالت کے جرم میں سز ا پانے والی اس مسیحی خاتون کی سزا کو معاف کر دیں گے ۔ گورنر نے کہا کہ وہ قانون کے تحت یہ اپیل صدر کے حوالے کریں گے۔

اس موقع پر آسیہ بی بی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اُن کی تین بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے ۔ اُن کے شوہر بھٹہ مزدور جب کہ وہ خود فالسے کے کھیت میں کام کرتی تھیں جب گاؤ ں کے کچھ لوگوں نے محض ذاتی عناد کی بنیادپر اُن کے بقول اُن پر توہین رسالت کا جھوٹا الزام لگایا۔

گذشتہ برس جون میں ننکانہ صاحب کے نواحی گاؤں اٹاں والی میں آسیہ بی بی کے خلاف توہین رسالت کا پرچہ درج ہوا تھا اور رواں ماہ گیارہ نومبر کو پنجاب کے شہر ننکانہ کی ایک عدالت نے اُن کو مجرم ٹھہراتے ہوئے موت کی سزا سنائی جس پر ناصر ف ملک میں حقوق انسانی کی تنظیموں نے احتجاج کیا بلکہ مسیحی پیشوا پوپ بین ڈکٹ نے بھی اس خاتون کی رہائی کے لیے اپیل جاری کی۔

XS
SM
MD
LG