رسائی کے لنکس

پشاورخودکش بم دھماکے میں 4 پولیس اہلکار ہلاک


بدھ کی صبح پشاور کے قریب ایک خودکش کار بم دھماکے میں کم از کم چار پولیس اہلکا ر ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے جبکہ پانچ شہری بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔

شہر کی پولیس کے سربراہ لیاقت علی نے صحافیوں کو بتایا کہ زوردار دھماکے سے پیر بالا پولیس چوکی اور اردگرد کے مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ اُنھوں نے کہا کہ خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی میں اُس وقت دھماکا کر دیا جب چوکی پر موجود پولیس اہلکاروں نے تلاشی لینے کے لیے اُسے روکنا چاہا۔

لیاقت علی نے کہاکہ صبح ساڑھے چار اور پانچ بجے کے درمیان کیے جانے والے اس خودکش حملے کا ہدف بظاہر پشاور کے اندر کوئی تنصیب تھی ۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملے میں تقریباََ دو سو کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں دو پولیس اہلکاروں کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔

حملے کا نشانہ بننے والی چوکی پشاور سے تقریباََ سات کلومیٹر دورایک اہم شاہراہ پر قائم تھی جو قبائلی علاقے مہمند اور خیبرایجنسی سے آنے والی گاڑیوں کے لیے پشاور میں داخل ہونے کا واحد راستہ ہے۔

پشاور میں 5 اپریل کو طالبان شدت پسندوں نےخودکارہتھیاروں،خودکش کاربم اور دستی بموں سے امریکی قونصلیٹ پر حملہ کیا تھا جس میں کم ازکم تین مقامی پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے ۔اس ماہ شہر کے مصروف قصہ خوانی بازار میں بھی ایک خودکش بم دھماکے میں کئی افراد ہلاک ہو گئے تھےجن میں اکژیت جماعت اسلامی کے کارکنوں کی تھی۔ اس واقعے میں پولیس کے ایک اعلیٰ افسر بھی ہلاک ہو گئے۔

XS
SM
MD
LG