رسائی کے لنکس

مردان میں بم دھماکا، پولیس اہلکاروں سمیت 11 زخمی


دھماکے سے علاقے میں ڈیوٹی پر موجود دو اہلکار اور نو دیگر افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع مردان میں منگل کی صبح ایک بم دھماکے میں دو اہلکاروں سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق شہر کے ایک مصروف علاقے خواجہ گنج بازار کے طورو چوک میں بارودی مواد ایک بند دکان کے پاس رکھا گیا تھا جس میں نامعلوم شدت پسندوں نے ریموٹ کنٹرول سے دھماکا کیا۔

دھماکے سے وہاں ڈیوٹی پر موجود دو اہلکار اور نو دیگر افراد زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے جب کہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

جہاں یہ دھماکا ہوا وہ شہر کا ایک مصروف مقام ہے جہاں عموماً لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہوتی ہے۔ لیکن عید کی اعلان کردہ سرکاری تعطیلات کے باعث منگل کو صبح کے وقت یہاں رش نہ ہونے کے برابر تھا۔

پاکستان کا شمال مغربی صوبہ خیبرپختونخواہ دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے لیکن دو سال قبل قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف شروع کیے گئے فوجی آپریشن ضرب عضب کے باعث ماضی کی نسبت امن وامان کی صورتحال میں بہتری دیکھی گئی۔

تاہم رواں سال کے اوائل سے ایک بار پھر خیبر پختونخواہ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد واقعات میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے جسے حکام شدت پسندوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کا ردعمل قرار دیتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG