رسائی کے لنکس

مردان: خودکش حملے میں رکن صوبائی اسمبلی سمیت 27 ہلاک


پولیس کے مطابق یہ خودکش دھماکا منگل کو شیر گڑھ نامی علاقے میں ایک پٹرول پمپ کے مالک حاجی عبداللہ کی نماز جنازہ کے دوران ہوا۔

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع مردان کے مضافاتی علاقے میں منگل کو نمازہ جنازہ کے دوران خودکش بم حملے میں کم از کم 27 افراد ہلاک اور 25 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ دھماکا منگل کو شیر گڑھ نامی علاقے میں ایک پٹرول پمپ کے مالک حاجی عبداللہ کی نماز جنازہ کے دوران ہوا۔

حاجی عبد اللہ کو ایک روز قبل نا معلوم افراد نے گولیاں مار کر ہلاک کیا تھا اور اُن کی نمازہ جنازہ مقامی رکن صوبائی اسمبلی عمران مہمند سمیت بڑی تعداد میں افراد شریک تھے۔

ہلاک ہونے والوں میں عمران مہمند بھی شامل ہیں، وہ صوبائی اسمبلی کے ایک حلقے سے آزاد حیثیت میں منتخب ہوئے تھے۔

صوبہ خیبر پختونخواہ کے وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی نے بتایا کہ عمران مہمند کو اس سے قبل بھی دھمکیاں ملتی رہی تھیں اور انتخابی مہم کے دوران اُن کے دفتر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

تاہم حکام نے فوری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں کہ حملہ آور کا ہدف کون تھا۔

زخمیوں کو مردان کے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

بعض شدید زخمیوں کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال بھی منتقل کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیراطلاعات
نے بتایا کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
XS
SM
MD
LG