رسائی کے لنکس

ذوالقرنین حیدر کو دھمکی آمیز فون کرنے والے مبینہ سٹے باز گرفتار


ذوالقرنین حیدر کو دھمکی آمیز فون کرنے والے مبینہ سٹے باز گرفتار
ذوالقرنین حیدر کو دھمکی آمیز فون کرنے والے مبینہ سٹے باز گرفتار

پاکستانی پولیس کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے گرفتار کیے گئے مبینہ سٹے بازوں نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے سابق وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر کو دھمکی آمیز فون کیے تھے۔

کرکٹر ذوالقرنین حیدر گذشتہ سال نومبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف دبئی میں ہونے والی سیریز کے دوران اچانک غائب ہو گئے تھے اور بعد ازاں لندن پہنچنے پرانھوں نے انکشاف کیا تھاکہ اس فرار کی وجہ انھیں موصول ہونے والے دھمکی آمیز فون تھے۔

سیالکوٹ پولیس کے سپریٹنڈنٹ ناصر قریشی نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ منگل کی شب نواحی علاقے سمبڑیال میں پولیس نے چھاپہ مار کر آٹھ مبینہ سٹے بازوں کو گرفتار کیا تھا اور ان کے قبضے سے مواصلاتی رابطے کا نظام، موبائل فونز اور مختلف میچوں کے دوران سٹے بازی کا ریکارڈ برآمد کیا ہے۔ ” بہت سائنسی انداز سے جیسے فلموں میں ہوتا ہے ، الماریوں کے پیچھے پوشیدہ دو کمرے تھے ، وہاں سے ہم نے یہ سارا سامان قبضے میں لیا۔“

ناصر قریشی کا کہنا تھا کہ ابھی تفتیش جاری ہے اور تحقیقات مکمل ہونے تک مزید کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

ذوالقرنین حیدر نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ وہ بھی مبینہ سٹے بازوں کی گرفتاری اور ان کے اس انکشاف سے آگاہ ہیں کہ ان افراد نے دبئی میں بک میکرز کے ساتھ مل کر انھیں دھمکیاں دی تھیں۔

”سلامتی کے خدشات کی وجہ سے میں زیادہ کچھ نہیں بیان کرسکتا۔میں نے اپنے مستقبل کو داؤ پر لگا کر جو قدم اٹھایا تھا اس کا مقصد بھی یہی تھا کہ بدعنوان عناصر کو بے نقاب کرکے پاکستانی کرکٹ سے اس لعنت کا خاتمہ کیا جاسکے“۔

ذوالقرنین حیدر کو دھمکی آمیز فون کرنے والے مبینہ سٹے باز گرفتار
ذوالقرنین حیدر کو دھمکی آمیز فون کرنے والے مبینہ سٹے باز گرفتار

ذوالقرنین پانچ ماہ کی خودساختہ جلاوطنی ختم کرنے کے بعد پیر کو وطن واپس پہنچے تھے لیکن پاکستان آمد سے قبل ذرائع ابلاغ میں ان کے حوالے سے ایک متنازع بیان بھی سامنے آیا تھا جس میں انھوں نے الزام لگایا تھا کہ قومی ٹیم کے وکٹ کیپر کامران اکمل کے سسر کے سٹے بازوں سے روابط ہیں۔ لیکن وائس آف امریکہ سے مختصر گفتگو میں ذوالقرنین کا کہناتھا کہ انھوں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔

ذوالقرنین حیدر کے اس مبینہ بیان پر کامران اکمل کے سسر نے ان کے خلاف دس کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے۔ درخواست گذار کا موقف ہے کہ ذوالقرنین اپنے الزامات کو ثابت کرنے کے لیے شواہد فراہم کریں یا معافی مانگیں بصورت دیگر قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہیں۔

XS
SM
MD
LG