رسائی کے لنکس

بوسنیا کے صدر آئندہ ہفتے پاکستان آئیں گے


بوسنیا کے صدر باقر عزت بیگووچ
بوسنیا کے صدر باقر عزت بیگووچ

دورے کے دوران وہ صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم، وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

بوسنیا و ہرزگووینا کے صدر باقر عزت بیگووچ آئندہ منگل کو دو روزہ دورے پر پاکستان
پہنچ رہے ہیں۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ دورے کے دوران وہ صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم، وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

بیان کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان گہرے ثقافتی تعلقات ہیں اور اہم معاملات سمیت عالمی امن و استحکام کے لیے بین الاقوامی سطح پر پاکستان اور بوسنیا و ہرزگووینا مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

دورے میں مسٹر بیگووچ دونوں ملکوں کے تجارتی حلقوں کے نمائندوں سے بھی خطاب کریں گے اور بیان کے مطابق بوسنیا کے صدر کو نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کی طرف سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری بھی دی جائے گی۔

پاکستان بوسنیا کے عوام کے لیے ہمیشہ خیر سگالی کے اظہار کرتا رہا ہے۔ بوسنیا کی طرف سے پاکستان میں 2005ء کے زلزلے، 2010 اور 2011 کے سیلابوں کے دوران متاثرین کی بحالی کے لیے معاونت بھی کی گئی۔

دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ مسٹر بیگووچ کے دورے سے نہ صرف دونوں ملکوں کے درمیان پہلے سے موجود تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ ملے گا بلکہ اسےعالمی سطح پر دونوں ملکوں کے مشترکہ مقاصد پر اعلیٰ سطحی تبادلہ خیال کا موقع بھی فراہم ہوگا۔
XS
SM
MD
LG