رسائی کے لنکس

حکومت کو مدت مکمل کرنے میں تعاون حاصل رہا: وزیرِاعظم


وزیراعظم راجہ پرویز اشرف
وزیراعظم راجہ پرویز اشرف

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت کو پاکستانی معاشرے کے ہر طبقے اور اداروں کی مکمل اور بھرپور حمایت حاصل رہی۔

پاکستان کی موجودہ منتخب اسمبلی 16 مارچ کو اپنی مدت پوری کر رہی ہے اور بدھ کو وفاقی کابینہ کا الوادعی اجلاس ہوا جس میں گزشتہ پانچ سالوں کے دوران حکومت کی اہم کامیابیوں اور چیلنجز سے متعلق اُمور زیر غور آئے۔

وزیراعظم نے کابینہ سے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی حکومتوں، فوج، سکیورٹی ایجنسیوں اور سول سروس کے عہدیداروں نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران حکومت کو اپنی مدت پوری کرنے میں تعاون فراہم کیا۔

اُنھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت کو پاکستانی معاشرے کے ہر طبقے اور اداروں کی مکمل اور بھرپور حمایت حاصل رہی۔

’’دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے خاتمے کے لیے ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ شدت پسندوں کو کسی صورت اس بات کی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ اپنا ایجنڈا عوام پر مسلط کر سکیں۔‘‘

اُنھوں نے کہا کہ دہشت گردی اسلامی تعلیمات اور جمہوری اقدار کے منافی ہے اور حکومت اس کے خلاف لڑتی رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پرتشدد واقعات سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے تشخص کو متاثر کیا۔

اُنھوں نے علمائے دین سے اپیل کی کہ وہ مذہبی رواداری اور برداشت کے رویے کو فروغ میں حکومت سے تعاون کریں گے۔

کابینہ کے اس الوادعی اجلاس میں ملک کی اقتصادی صورت حال اور آئندہ عام انتخابات سے متعلق اُمور کا بھی جائزہ لیا گیا اور حکومت کے اس عزم کو بھی دہرایا گیا کہ شفاف اور آزادانہ انتخابات ملک کی جمہوریت، سلامتی اور ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ’’حکومت کا زیادہ تر وقت اور توانائی بنیادی اصلاحات متعارف کرانے پر صرف ہوا کیوں کہ وہ پارلیمنٹ کی بالادستی، معاشی استحکام اور ایک متوازن خارجہ پالیسی کے لیے ضروری تھیں۔‘‘
اُنھوں نے توانائی کے بحران اور ایران سے گیس درآمد کے منصوبے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ توانائی کے مسئلے کے حل کے مختلف منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے۔
XS
SM
MD
LG