رسائی کے لنکس

تصدق جیلانی نے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا


ایوان صدر اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں صدر ممنون حسین نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔

جسٹس تصدق حسین جیلانی نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

جمعرات کو ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں صدر ممنون حسین نے ان سے اکیسویں چیف جسٹس کا حلف لیا۔

تقریب میں وزیراعظم نوازشریف، وفاقی کابینہ کے ارکان، اعلیٰ فوجی و سول عہدیداروں کے علاوہ اسلام آباد میں متعین غیر ملکی سفراء بھی شریک ہوئے۔

جسٹس جیلانی نے 1974ء میں وکالت کا آغاز ملتان سے کیا۔ 1993 میں انھیں پنجاب کا ایڈووکیٹ جنرل مقرر کیا گیا۔

1994ء میں وہ لاہور ہائی کورٹ کے جج تعینات ہوئے اور دس سال بعد یعنی 2004ء میں انھیں سپریم کورٹ کے ججز میں شامل کر لیا گیا۔

افتخار محمد چودھری کی بحیثیت چیف جسٹس مدت ملازمت بدھ کو ختم ہوئی اور ان کے بعد عدالت عظمیٰ کے سینیئر ترین جج ہونے کی وجہ سے جسٹس تصدق جیلانی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس مقرر ہوئے۔

قبل ازیں وہ قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔
XS
SM
MD
LG