رسائی کے لنکس

وزیراعظم نواز شریف جولائی میں چین جائیں گے: دفتر خارجہ


وزیراعظم نواز شریف
وزیراعظم نواز شریف

وزیراعظم کے اس دورے کا محور دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینا ہو گا۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان اعزاز احمد چوہدری نے جمعرات کو ہفتہ وار نیوز کانفرنس میں بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں چین کا دورہ کریں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے پہلے دورہ چین کی حتمی تاریخوں کا تعین کیا جا رہا ہے۔

پانچ جون کو تیسری مرتبہ وزارت عظمٰی کا منصب سنبھالنے کے بعد نواز شریف کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہو گا۔ اُن کی چین روانگی سے قبل رواں ہفتے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے دفتر خارجہ کے دیگر اعلٰی عہدیداروں کے ہمراہ بیجنگ کا دورہ کیا تھا۔

وزیراعظم کے اس دورے کا محور دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینا ہو گا۔ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے تناظر میں جب دفتر خارجہ کے ترجمان سے یہ سوال پوچھا گیا کہ کیا اس دورے میں دوطرفہ سویلین جوہری تعاون بڑھانے پر بھی بات ہو گی تو اُن کا کہنا تھا کہ

’’ دونوں ملکوں کے درمیان سویلین جوہری تعاون ایک جاری عمل ہے اور اس بارے میں پاکستان اپنا موقف بیان کرتا آیا ہے۔ ‘‘

ہفتہ وار نیوز کانفرنس میں علاقائی صورت حال خاص طور پر افغانستان میں قیام امن کے لیے دوحہ میں امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان متوقع مذاکرات کے بارے میں ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان مصالحتی عمل کی حمایت کرتا ہے۔

اعزاز احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکہ کے نمائندہ خصوصی جمیز ڈوبنز نے اسلام آباد کے دورے کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف کو دوحہ میں افغان طالبان سے متوقع مذاکرات کی صورت حال سے آگاہ کیا۔

ترجمان اعزاز چودھری نے کہا کہ پاکستان دوحہ میں ہونے والی بات کا چیت کا حصہ نہیں ہے لیکن وہ اس عمل کا حامی ہے۔

’’طالبان پر ہمارا جو بھی (اثر و رسوخ) تھا، اس کو ہم نے استعمال کرتے ہوئے اُن کو راضی کیا کہ وہ بات چیت کی طرف آئیں۔ امریکہ سے بھی ہم نے یہ ہی کہا کہ مذاکرات ہی اس کا حل ہے۔‘‘

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں گزشتہ ہفتے افغان طالبان نے اپنا سیاسی دفتر کھولا تھا جس کے بعد اُن کے امریکہ سے براہ راست ابتدائی مذاکرات متوقع تھے لیکن افغانستان کی حکومت کے بعض اعتراضات کے باعث یہ عمل شروع نا ہو سکا۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جولائی میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا دورہ اسلام آباد بھی متوقع ہے۔

اس دورے کے دوران بھی توقع کی جا رہی ہے پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات کے علاوہ افغانستان میں مصالحت کے لیے طالبان سے بات چیت کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG