رسائی کے لنکس

چین اور پاکستان کے مابین تعاون میں فروغ پر اتفاق


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے ہفتہ کو بیجنگ میں چین کے صدر شی جنپنگ اور اپنے ہم منصب لی کیچیانگ سے ملاقاتیں کی جب کہ دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دستخط بھی ہوئے۔

پاکستانی وزیراعظم چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سمیت ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ چین میں ہونے والی 'ایک پٹی ایک شاہراہ' کانفرنس میں شرکت کے لیے گئے ہیں۔

پاکستان کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے چینی قیادت سے ملاقاتوں میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دستخط بھی ہوئے جن میں پاکستان میں ریلوے نظام کی بہتری، حویلیاں میں ڈرائی پورٹ کے قیام اور اقتصادی و تکینیکی تعاون کے معاہدے شامل ہیں۔

قبل ازیں چین کے وزیراعظم سے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پٹی ایک شاہراہ کے چینی تصور کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

چین کا ایک پٹی ایک شاہراہ کے تصور کے تحت اس ملک کے خطے اور دیگر ممالک کے درمیان سڑک اور سمندری راستوں کے ذریعے روابط کا قیام شامل ہے۔

اتوار کو ہونے والی کانفرنس میں 27 ممالک کے نمائندے شامل ہو رہے ہیں اور اس کا افتتاح چین کے صدر شی جنپنگ کریں گے۔

کانفرنس میں امریکہ کا ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی شرکت کر رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG