رسائی کے لنکس

پاکستان میں سیلاب کی بڑی وجہ عالمی موحولیاتی تبدیلی


ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات قمرالزمان
ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات قمرالزمان

ماہرین موسمیات نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ غیر معمولی بارشیں اورسیلابوں کی ایک بڑی وجہ عالمی سطح پر ماحولیات میں تبدیلی ہے ۔

پاکستان میں محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل قمرالزمان نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ عالمی سطح پر ماحولیات کی تبدیلی میں پاکستان کا کردار بہت کم ہے لیکن گذشتہ 15 سالوں کے دوران اس پر ماحولیاتی تغیر کے نمایاں اثرات دیکھنے میں آئے ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ خصوصاً صوبہ خیبر پختون خواہ کے علاقوں میں مون بارشوں اور سیلاب کی ایسی مثالیں نہیں ملتیں۔

حالیہ سیلابوں سے سب سے زیادہ تباہی صوبہ خیبر پختون خواہ میں ہوئی اور حکام کا کہنا ہے کہ سٹرکوں ، پلوں اور انتظامی ڈھانچہ بری طرح تباہ ہو گیا ہے جب کہ گنے ، چاول اور تمباکو کی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق پاکستان میں سیلاب سے ایک کروڑ 40 لاکھ افراد متاثر اور لگ بھگ 1600 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین ”یواین ایچ سی آر“نے منگل کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے نشیبی علاقوں میں بسنے والوں کی کئی نسلوں نے سیلاب کی اس قدر بدترین تباہی نہیں دیکھی ہے جب کہ عالمی ادارے کے عہدیداروں کا بھی کہنا ہے کہ اُنھیں جس صورت کا سامنا ہے وہ” مشکل ترین حالات“ ہیں۔

یواین ایچ سی آر کے مطابق سیلاب سے تین لاکھ گھر تباہ جب کہ 14 ہزا ر مویشی بھی مرگئے ہیں اور26 لاکھ ایکٹر زرعی اراضی زیر آب ہے۔ اس صور ت حال میں اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت نے بجٹ میں جو اہداف مقرر کیے ہیں اُن کا حصول بھی ممکن نہیں ہوگا۔

XS
SM
MD
LG