رسائی کے لنکس

دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر صورت جیتنا ہو گی: نواز شریف


وزیراعظم نواز شریف (فائل فوٹو)
وزیراعظم نواز شریف (فائل فوٹو)

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی جنگ ہے اور اس فورس کا قیام بھی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کے قومی لائحہ عمل کا حصہ ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر قیمت پر جیتنا ہو گی کیونکہ یہ پاکستان کی آئندہ نسلوں اور معاشی خوشحالی کا معاملہ ہے۔

یہ بات انھوں نے ہفتہ کو لاہور میں انسداد دہشت گردی فورس کے پہلے دستے کی تربیت مکمل ہونے پر منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انھوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک پاکستان کو دہشت گردی سے پاک نہیں کر دیا جاتا حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔ ان کے بقول عوام کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنا ان کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی جنگ ہے اور اس فورس کا قیام بھی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کے قومی لائحہ عمل کا حصہ ہے۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق گزشتہ سال مئی میں پنجاب پولیس کے 1182 اہلکاروں کا انتخاب کر کے یہ فورس تشکیل دی گئی تھی جس کی تربیت کا ذمہ پاکستانی فوج کے اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے افسران اور جوانوں کے سپرد کیا گیا۔

ہفتہ کو 421 اہلکار انسداد دہشت گردی کی خصوصی فورس کی تربیت مکمل کر کے فارغ التحصیل ہوئے جن میں 16 خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔

اسی فورس کے دوسرے دستے میں 425 اور تیسرے دستے میں شامل 336 اہلکار تربیت حاصل کر رہے ہیں۔

پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف بھی تقریب میں موجود تھے۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اس فورس کو جدید سکیورٹی آلات سے لیس کیا جائے گا اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کے اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ بھی کیا جائے گا۔

انھوں نے توقع ظاہر کی کہ دیگر صوبے بھی ایسی ہی فورس تشکیل دینے کے لیے اقدامات کریں گے۔

XS
SM
MD
LG