رسائی کے لنکس

شمالی وزیرستان: فوجی قافلے پر حملے میں 7 اہلکار ہلاک


پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں جمعہ کو سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے مابین جھڑپ میں سات اہلکاروں سمیت 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

انتظامیہ اور مقامی ذرائع نے بتایا کہ لڑائی کا آغاز اُس وقت ہوا جب دتہ خیل کے علاقے سے گزرنے والے ایک فوجی قافلے پر بھاری ہتھیاروں سے لیس جنگجوؤں نے مختلف اطراف سے اچانک حملہ کر دیا۔

حملہ اس قدر شدید تھا کہ اس میں سات فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں نو عسکریت پسندوں کو بھی ہلاک کر دیا گیا۔

افغان سرحد سے ملحقہ شمالی وزیرستان میں سرکاری فورسز پر طالبان جنگجوؤں کے حملے معمول کی بات ہیں۔

اُدھر قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی میں ایک مشتبہ شدت پسند نے فائرنگ کر کے حکومت کے حامی لشکر کے سربراہ کو ہلاک کر دیا۔

کلایہ کے علاقے میں پیش آنے والے اس واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہو گیا لیکن بعد ازاں گشت پر معمور سکیورٹی فورسز نے اُس کو گھیرے میں لے لیا اور فائرنگ کے تبادلے میں وہ مارا گیا۔

XS
SM
MD
LG