رسائی کے لنکس

پاکستانی وزیراعظم کی ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی پر مبارکباد


وزیراعظم نواز شریف کے دفتر سے بدھ کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ ’وہ حکومت اور پاکستانی عوام کی طرف سے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ کا پینتالیسواں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اس اُمید کا اظہار کیا کہ دوطرفہ تعلقات مزید گہرے و مضبوط ہوں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں واضح برتری حاصل کی۔ جیسے جیسے امریکہ کے صدارتی انتخابات کے نتائج سامنے آ رہے تھے، پاکستانی میڈیا نے اُنھیں اپنی کوریج میں نمایاں جگہ دی اور اس معاملے پر دن بھر تبصرے بھی جاری رہے۔

وزیراعظم نواز شریف کے دفتر سے بدھ کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ ’وہ حکومت اور پاکستانی عوام کی طرف سے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکہ کا پینتالیسواں صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔‘‘

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ سات دہائیوں کے دوران پاکستان اور امریکہ کے درمیان قریبی روابط رہے ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ خطے میں امن و سلامتی کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعلقات اہم ہیں۔

اُدھر بدھ کو امریکی سفارت خانے میں امریکہ کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھی شرکت کی اور اس موقع پر کہا کہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان کئی برسوں سے جاری ترقیاتی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان اورامریکہ تجارتی شراکت دار ہیں اور دو طرفہ روابط کسی ایک شعبے تک محدود نہیں ہیں۔

پاکستانی عہدیداروں کی طرف سے اس توقع کا اظہار کیا جاتا رہا ہے کہ اسلام آباد اور واشنگٹن کے درمیان اداروں کی سطح پر روابط ہیں جو دوطرفہ تعلقات کو معمول پر رکھنے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

XS
SM
MD
LG