رسائی کے لنکس

کھلاڑیوں پر پابندی ایک افسوسناک حقیقت، کرکٹ بورڈ


اعجاز بٹ (فائل فوٹو)
اعجاز بٹ (فائل فوٹو)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )کے انسدادِ بدعنوانی ٹربیونل کی طرف سے ”اسپاٹ فکسنگ “ کیس میں سلمان بٹ ، محمد آصف اور محمد عامر پر پابندی کے فیصلے کی حمایت کی ہے۔

بورڈ کی طرف سے پیر کو جاری ہونے والے ایک بیان میں چیئرمین اعجاز بٹ نے تینو ں کھلاڑیوں کو سنائی گئی سزاؤں کو ایک”قابل افسوس اور غمگین حقیقت“ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ” گزشتہ چھ ماہ پاکستانی کرکٹ کے لیے اذیت ناک ثابت ہوئے ہیں۔اب میں اُمید کرتا ہوں کہ یہ بدقسمت داستان اختتام کو پہنچ گئی ہے اور ہم کرکٹ پر توجہ دے سکیں گے۔“

پی سی بی کے سربراہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کرکٹ بورڈ کو یہ دیکھنا ہوگا کہ وہ تربیت و بحالی کے پروگرام میں ان تینوں کھلاڑیوں کی کس طرح مدد کرسکتا ہے اور اس حساس معاملے پر پاکستان آئی سی سی کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔

آئی سی سی کے ٹریبونل نے ہفتہ کو دوحہ میں اس کیس کا فیصلہ سنایا تھا جس کے مطابق سلمان بٹ ، آصف اور عامر پر بالترتیب دس، سات اور پانچ سال تک کرکٹ کھیلنے پر پابندی لگائی گئی ہے۔ تینوں کھلاڑیوں پر الزام تھا کہ انھوں نے گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں کھیلے گئے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں سٹے بازوں سے بھاری رقوم لے کر میچ کے دوران مخصوص اوقات میں جان بوجھ کر نو بالیں کرائیں۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ہارون لورگاٹ کے مطابق کھلاڑیوں کے خلاف ٹھوس ثبو ت کی بنیاد پر انھیں یہ سزائیں دی گئی ہیں اور اس فیصلے سے مستقبل میں کھیل سے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں میں مدد ملے گی۔

XS
SM
MD
LG