رسائی کے لنکس

انگلینڈ ٹی20 کے فائنل میں


برطنوی کرکٹ ٹیم
برطنوی کرکٹ ٹیم

سینٹ لوشیا میں ٹی20ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے سری لنکا کو بآسانی سات وکٹوں سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مگر ابتدا ہی میں اُسے جے سوریا، دِلشان اور جے وردھنے کی وکٹوں کی صورت میں ایسا نقصان اُٹھانا پڑا جس کی تلافی نہ ہوسکی۔

اینجلیو میتھیو کے 58رنز کے سبب لنکن ٹیم 20اووروں میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 128رنز بنا سکی۔

انگلینڈ کی جانب سے سٹورٹ براڈ چار اووروں میں 21رنز کے عوض دو وکٹیں لے کر کامیاب ترین باؤلر ثابت ہوئے۔

اِن فارم انگلینڈ کی ٹیم نے 128رنز کا تعاقب بڑے پُر اعتماد انداز میں کیا اور پہلی وکٹ 68کے سکور پر گِری جب کیزویٹر 39رنز بنا کر ملنگا کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

کیون پیٹرسن نے اس میچ میں بھی اپنی فارم کا بھرپور مظاہرہ کیا اور 26گیندوں پر 42رنز کی ناقابلِ شکست اننگ کھیلی۔ سولہویں اوور میں ملنگا کی آخری دو گیندوں کو، بالترتیب چھکے اور چوکے کے لیے، میدان سے باہر بھیجتے ہوئے پیٹرسن نے ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔

دوسرا سیمی فائنل جمعے کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہے۔

مبصرین کے مطابق، پاکستان کو سِپن کے شعبے میں برتری حاصل ہے مگر دیگر تمام شعبوں میں آسٹریلیا کا پلہ بھاری ہے۔

سینٹ لوشیا میں عمر اکمل کے اَن فٹ ہونے کی خبریں آرہی ہیں جو کہ پاکستان کے نقطہٴ نظر سے پریشان کُن ہو سکتی ہیں، کیونکہ جنوبی افریقہ کے خلاف عمر اکمل کی اننگ نے نہ صرف اُنھیں مرد میدان بنایا تھا بلکہ پاکستان کو بھی سیمی فائنل میں پہنچا دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG