رسائی کے لنکس

عالمی کپ: نیوزی لینڈ کو پاکستان کے ہاتھوں شکست


پاکستانی کھلاڑی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے
پاکستانی کھلاڑی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے

ناصر جمشید نے چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 56 رنز بنائے جس پر اُنھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان نے سری لنکا میں جاری ٹی ٹوئنٹی عالمی کرکٹ کپ کے اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کو 13 رنز سے شکست دے دی ہے۔

پالی کیلے میں اتوار کو کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر کپتان محمد حفیظ نے پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور پاکستانی ٹیم نے 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بنائے۔

نیوزلینڈ کے بلے بازوں نے178 رنز کا ہدف حاصل کرنے کے لیے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا مگر میچ کے آخری لمحات میں حسب معمول آف اسپن باؤلر سعید اجمل کی شاندار باؤلنگ نے پاکستان کو فتح دلوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز کے اختتام پر نو وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنا سکی جس میں آر جے نکُل 33 اور میکلم 32 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔ کپتان ٹیلر 26 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی جانب سے اجمل نے 30 رنز کے عوض مخالف ٹیم کے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے ناصر جمشید، کپتان حفیظ اور عمران نذیر کی اچھی بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 177 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کے لیے ایک مشکل ہدف دیا۔

جمشید نے 35 گیندوں پر چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 56 رنز اسکور کیے، جبکہ حفیظ نے 43 اور نذیر نے 25 رنز بنائے۔

وکٹ کیپر کامران اکمل نے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان اپنا اگلا میچ 25 ستمبر کو بنگلا دیش کے خلاف کھیلے گا۔
XS
SM
MD
LG