رسائی کے لنکس

ایشیا کپ،انگلینڈ ٹور کے لیے آفریدی کپتان


ایشیا کپ،انگلینڈ ٹور کے لیے آفریدی کپتان
ایشیا کپ،انگلینڈ ٹور کے لیے آفریدی کپتان

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ اور دورہ برطانیہ کے لیے شاہد آفریدی کو قومی کرکٹ ٹیم کاکپتان مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ اس کے علاوہ 35کھلاڑیوں کے ناموں کا بھی اعلان کیا گیا ہے جن میں سے حتمی ٹیم کا انتخاب کیا جائے گا۔

لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بورڈ کے چیئر مین اعجاز بٹ نے بتایا کہ سابق کپتان یونس خان اور شعیب ملک کو بھی 35 کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے تاہم انھوں نے کہا کہ بورڈ ان دونوں کھلاڑیوں پر لگائی گئی پابندی ہٹانے کی سفارشات کا جائزہ لے رہا ہے جو قومی اسمبلی کی کھیلوں کی قائمہ کمیٹی نے کی ہیں اور اس حوالے سے حتمی فیصلے کے بعد یونس خان اور شعیب ملک کو قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ حالیہ دورہ آسٹریلیا میں پاکستانی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا جائزہ لینے والی پی سی بی کی ایک تحقیقاتی ٹیم نے سات کھلاڑیوں پر اس کی ذمہ داری عائد کرتے ہوئے انضباطی کارروائی کی تھی۔ ان میں یونس خان،محمد یوسف، شعیب ملک، کامران اکمل، عمر اکمل، رانا نویدالحسن اور شاہد آفریدی شامل تھے۔ تاہم ماسوائے آفریدی کے باقی کھلاڑیوں نے بورڈ کے فیصلے کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کردیا تھا۔

ایشیا کپ آئندہ ماہ سری لنکا میں کھیلا جارہا ہے جب کہ جولائی میں دورہ انگلینڈ کے دوران پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی اور ڈو ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ انگلینڈ کے ساتھ چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دو میچ جولائی اور دو اگست میں کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ شاہد آفریدی چار سال قبل 2006 مانچسٹر میں انگلینڈ کے خلاف اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔

XS
SM
MD
LG