رسائی کے لنکس

غلطی پر قوم سے معافی چاہتا ہوں: محمد آصف


محمد آصف
محمد آصف

سابق پاکستانی کرکٹر کا کہنا تھا کہ انھوں نے جو غلطیاں کیں اس پر وہ شرمندہ ہیں اور اس کا وہ خمیازہ بھگت رہے ہیں۔

اسپاٹ فکسنگ میں کرکٹ کی عالمی تنظیم کی طرف سے پابندی کا سامنا کرنے والے پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد آصف نے خود پر لگنے والے الزامات کو تسلیم کرتے ہوئے پاکستانی عوام سے معافی مانگی ہے۔

بدھ کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ انھوں نے جو غلطیاں کیں اس پر وہ شرمندہ ہیں اور اس کا وہ خمیازہ بھگت رہے ہیں۔

’’پاکستان کی یوم آزادی کے موقع پر میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ پابندی ختم ہونے پر میں اپنے غلطیوں کا ازالہ کرنے کے لیے تیار ہوں۔۔۔ میں آئی سی سی سے بھی درخواست کرتا ہوں کہ پابندی ختم ہونے پر مجھے کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے، میں اپنے ملک کے نمائندگی کرنا چاہتا ہوں۔‘‘

انھوں نے کہا کہ وہ آئی سی سی اور پی سی بی کی طرف سے کھلاڑیوں کی بحالی کے پروگرام میں شرکت کے لیے تیار ہیں۔

اگست 2010ء میں انگلینڈ کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ کے دوران پاکستان کے تین کرکٹرز سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر پر اسپاٹ فکسنگ کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔

آئی سی سی نے ان کھلاڑیوں پر کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی تھی جب کہ لندن کی ایک عدالت میں ان کھلاڑیوں پر چلنے والے دھوکہ دہی کے مقدمے میں انھیں جرمانے اور سزا کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

محمد عامر اور سلمان بٹ اپنی غلطیوں پر معافی مانگ چکے ہیں جبکہ محمد آصف کی طرف سے اب معذرت کی گئی ہے۔
XS
SM
MD
LG