رسائی کے لنکس

کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا انتخاب دو نومبر کو کرانے کا حکم


فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ پی سی بی چیئرمین کے انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کرے۔

پاکستان کی ایک اعلٰی عدالت نے قومی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے عہدے کے لیے انتخابات دو نومبر کو کروانے کا حکم دیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے پاکستان کرکٹ بورڈ ’پی سی بی‘ کے چیئرمین کے انتخابات سے متعلق معاملے کی سماعت کے بعد پیر کو یہ حکم جاری کیا۔

عدالت کا کہنا تھا کہ دو نومبر کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتظامات کو چلانے کے لیے قائم کسی بھی نگران سیٹ اپ کو کالعدم قرار دے دیا جائے گا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ ’پی سی بی‘ چیئرمین کے انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کرے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے انتظامات نجم سیٹھی کی زیر قیادت ایک عبوری نگران کمیٹی چلا رہی ہے۔

عدالت نے اس سے قبل جولائی میں پی سی بی کے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی کو 90 روز میں بورڈ کے انتخابات کروانے کا حکم دیا تھا۔

مئی میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین ذکا اشرف کو کام کرنے سے روک دیا تھا۔

ذکا اشرف کے انتخاب کے خلاف ایک درخواست گزار نے عدالت میں یہ موقف اختیار کیا تھا کہ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے انتخابات میں قواعد و ضوابط کی پاسداری نہیں کی گئی۔
XS
SM
MD
LG