رسائی کے لنکس

پاکستان کرکٹ بورڈ دیوالیہ ہو سکتا تھا: چیئرمین سیٹھی


نجم سیٹھی (فائل فوٹو)
نجم سیٹھی (فائل فوٹو)

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مشکل حالات کے باوجود کرکٹ کو بحال رکھنے کی تگ و دو کرتا رہا ہے۔

کرکٹ کی عالمی تنظیم کی طرف سے گزشتہ ہفتے کی جانے والی تبدیلیوں کی حمایت نہ کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) دیوالیہ اور عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہو سکتا تھا۔

یہ بات پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ میلبورن میں ہونے والے آئی سی سی کے اجلاس کے دوران متعارف کروائی جانے والی تبدیلیوں کی حمایت نہ کرنے پر پی سی بی دو سال کے اندر دیوالیہ ہو سکتا تھا۔

"ہم دو سال میں دیوالیہ ہو جاتے اور عالمی سطح پر اکیلے رہ جاتے اگر ہم اس تنظیم نو کو قبول نہ کرتے۔"

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مشکل حالات کے باوجود کرکٹ کو بحال رکھنے کی تگ و دو کرتا رہا ہے۔ "2009ء کے بعد سے ہم نے ملک میں کسی کرکٹ سیریز کی میزبانی نہیں کی جس سے ہمیں مالی طور پر بہت نقصان ہوا لیکن ہم نے کسی نہ کسی طرح اسے سنبھالا"۔

انتظامی تبدیلیوں کی حمایت کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان چھ دوطرفہ سیریز کھیلی جائیں گی۔

" آئندہ سال بھارت کے ساتھ شروع ہونے والی سیریز میں سے چار کی میزبانی پاکستان کرے گا اور ہمیں امید ہے کہ اس سے ہمیں 30 ارب روپے کی آمدن ہوگی جب کہ آئی سی سی سے ملنے والے ہمارے حصے میں بھی ڈیڑھ کروڑ ڈالر کا اضافہ ہو گا۔"

گزشتہ ہفتے ہونے والے اجلاس میں پاکستان کو چوتھی بڑی طاقت "بگ فور" کا درجہ بھی ملا تھا جس کے تحت اسے آئندہ آٹھ سالوں میں آئی سی سی کی آمدن کا چوتھا بڑا حصہ دیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG