رسائی کے لنکس

انتخاب عالم پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر کے عہدے سے فارغ


انتخاب عالم پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر کے عہدے سے فارغ
انتخاب عالم پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر کے عہدے سے فارغ

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے آئندہ ماہ ہونے والے دورہ زمبابوے کے لیے ٹیم منیجر انتخاب عالم کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کے مطابق ادارے کے گورننگ بورڈ کے رکن نوید اکرم چیمہ کو دورہ زمبابوے کے لیے انتخاب عالم کی جگہ ٹیم کا منیجر مقرر کیا جارہا ہے۔

سبحان احمد کے بقول نئی تقرری میں تمام قواعد و ضوابط کو ملحوظِ خاطر رکھا گیا ہے اور اس میں اچنبھے کی کوئی بات نہیں۔ ان کے بقول منیجر کی تبدیلی کا تعلق کارکردگی سے نہیں ہوتا اور پی سی بی کے قواعد کے مطابق قومی ٹیم کی ہر سیریز اور دورے کے لیے نئے سرے سے کپتان اور منیجر کا تقرر کیا جاتا ہے۔

سبحان احمد کے بقول انتخاب عالم 'نیشنل کرکٹ اکیڈمی' کے سربراہ اور پی سی بی کے کرکٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کے بھی انچارج ہیں اور اب اپنا تمام تر وقت ان ذمہ داریوں کی انجام دہی پر صرف کرنا چاہتے ہیں۔

انتخاب عالم کو اکتوبر 2008ء میں قومی ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں گزشتہ برس یاور سعید کی جگہ منیجر کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی تھیں۔

نئے مقرر کیے گئے منیجر پی سی بی کے گورننگ بورڈ کے رکن اور ملک میں بجلی کی فراہمی کے انتظامی ادارے 'واپڈا' کے منیجنگ ڈائریکٹر ہیں اور اس سے قبل گزشتہ برس پاکستان 'اے' ٹیم کے ہمراہ ویسٹ انڈیز کا دورہ بھی کرچکے ہیں۔

28 اگست سے شروع ہونے والے دورے کے دوران پاکستانی ٹیم میزبان زمبابوے کے خلاف ایک ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی20 میچ کھیلے گی۔

XS
SM
MD
LG