رسائی کے لنکس

انگلینڈ کے خلاف اچھی کارکردگی کے لیے پرامید


مصباح الحق اور شاہد آفریدی (فائل فوٹو)
مصباح الحق اور شاہد آفریدی (فائل فوٹو)

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انھیں امید ہے کہ انگلینڈ کے خلاف بھی قومی ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔

ہفتہ کو لاہور میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں ہونے والی یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے چیلنج ہوگی اور دونوں ٹیموں کو بیٹنگ اور باؤلنگ میں سخت محنت کرنا ہوگی۔

’’یو اے ای کی کنڈیشن ایسی ہے کہ وہاں پر اگر باؤلر کے لیے آؤٹ کرنا مشکل ہے تو بیٹسمین کے لیے رنز کرنا بھی اتنا آسان نہیں، سلو پچز ہوتی ہیں، بال بلے پر نہیں آتا تو آپ کو ہارڈ ورک کرنا پڑتا ہے بحیثیت بیٹسمین۔‘‘

مصباح الحق نے کہا کہ تمام کھلاڑی اپنے اپنے شعبوں بہترین کھیل پیش کررہے ہیں لیکن ٹاپ ٹیموں کےخلاف کسی ایک چیز پر انحصار نہیں کیا جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی مکمل فٹ ہیں اور حالیہ سیریز میں سب نے اپنے اپنے شعبوں میں فاتحانہ کارکردگی دکھائی ہے جو کہ ان کے بقول آئندہ بھی جاری رہے گی۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ان کا ماننا ہے ’’اگریسوو کھیل کر ہارنے سے بہتر ہے ڈیفنسوو کھیل کر جیتا جائے۔‘‘

پاکستان کی میزبانی میں انگلینڈ کے خلاف سیریز رواں ماہ متحدہ عرب امارات میں شروع ہورہی ہے جس کے لیے پاکستانی ٹیم آئندہ ہفتے روانہ ہوگی۔

اس سیریز میں پاکستان تین ٹیسٹ ، چار ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گا۔

XS
SM
MD
LG