رسائی کے لنکس

پاکستان نے چوتھا ایک روزہ میچ دو وکٹوں سے جیت لیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

نیپیئر میں کھیلے جانے والے چوتھے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دو وکٹوں سے ہرا کر چھ میچوں کی سیریز میں دو، ایک سے برتری حاصل کرلی ہے۔

میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں سات کھلاڑیوں کے نقصان پر 262رنز بنائے۔ اس ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم نے اننگز کا اچھا آغا زکیا مگر محمد حفیظ کے آوٴٹ ہونے کے بعد رنز کی رفتار سست ہوگئی۔

یونس خان اور مصباح الحق نے ٹیم کی پوزیشن کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا لیکن 42رنز کے انفرادی اسکور پر یونس خان کے آؤٹ ہونے کے بعد مصباح الحق کریز پر جمے رہے۔ تیسر ے میچ میں دھواں دار بیٹنگ سے مخالف ٹیم کو بے حال کرنے والے کپتان شاہد آفریدی اس میچ میں بلے باز کا کوئی کمال نہ دکھا سکے اور صرف چار رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔

میچ کے آخری حصے میں عبدالرزاق نے مصباح الحق کے ساتھ مل کر ایک بار پھر ٹیم کو سنبھالا دیا ۔ انھوں نے ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے 23رنز بنائے۔ میچ کے اختتامی لمحات میں سہیل تنویر نے تین چوکے لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں مدد دی۔ مصباالحق نے ایک چھکے اور سات چوکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 93رنز بنائے۔انھیں مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔

میچ کے بعد کپتان شاہد آفریدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ باؤلروں نے عمدہ باؤلنگ کی جبکہ یونس خان اور مصباح الحق کی پارٹنر شپ نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انھوں نے کہا ”آج کا میچ تاریخ کا حصہ ہوگیا ہے اور ہماری نظر اب اگلے میچ پر ہے“۔

مصباح الحق صرف سات رنز کی کمی سے سینچری اسکور نہ کرسکے اس بارے میں ان کا کہنا تھا ”ٹیم کی فتح اہمیت کی حامل ہوتی ہے نہ کہ انفرادی کھیل ، مجھے خوشی ہے کہ ہماری ٹیم فتح سے ہمکنار ہوئی“۔

سیریز کا پانچواں میچ جمعرات کو ہملٹن میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان میں کرکٹ کے حلقے ٹیم کی اس اچھی کارکردگی پر خوشی کا اظہار اس لیے بھی کررہے ہیں کیونکہ گذشتہ کچھ عرصے سے قومی ٹیم مختلف بحرانوں کا شکار رہی ہے جس سے بلاشبہ اس کی کارکردگی بھی متاثر ہوئی۔ ٹیم کے کھیل میں بہتری ایک ایسے وقت دیکھنے میں آرہی ہے جب دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلے یعنی کرکٹ ورلڈ کپ کے آغاز میں 18دن باقی ہیں۔

XS
SM
MD
LG