رسائی کے لنکس

اقبال قاسم نئے چیف سلیکٹر


پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم کو قومی ٹیم کا نیا چیف سلیکٹر تعینات کیا ہے۔

جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے والے ایک اجلاس میں بورڈ کے چیئر مین ذکا اشرف نے صحافیوں کو بتایا کہ اقبال قاسم کو یہ ذمہ داری ایک سال کے لیے سونپی گئی ہے۔ اس موقع پر انھوں نے مستعفی ہونے والے چیف سلیکٹر محمد الیاس کی خدمات کو بھی سراہا۔

سلیکشن کمیٹی کے دیگر ممبران میں سلیم جعفر، اظہر خان، آصف بلوچ اور فرخ زمان شامل ہیں۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلنے کے بعد وطن واپس پہنچ چکی ہے اور شائقین اور مبصرین کی طرف سے اسے ایک روزہ میچوں میں خراب کارکردگی پر سخت تنقید کا سامنا ہے۔

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچوں کی سیریز تین، صفر سے جیتنے کے بعد پاکستان کو ایک روزہ میچوں میں چار، صفر اور ٹی ٹوئنٹی میں دو، ایک سے شکست ہوئی تھی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اس تنقید پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ ٹیم کی کارکردگی پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

ان کے بقول حالیہ مہینوں میں مختلف سیریز میں فتح حاصل کرنے والی ٹیم اگر ایک سیریز میں ہار گئی تو اس پر اسے تنقید کا نشانہ بنانا ان کے نزدیک باعث حیرت ہے۔

XS
SM
MD
LG