رسائی کے لنکس

logo-print

ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان


پاکستانی ٹیم کے سلیکٹر انضمام الحق ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کر رہے ہیں۔ 18 اپریل 2019

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے لیے کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا ہے۔ چیف سلیکٹر کہتے ہیں کہ وہ 22 مئی تک ورلڈ کپ کے لیے کھلاڑیوں میں ردوبدل کر سکتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ہوں گے۔

دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، جنید خان، محمد حسنین، فخر زمان، امام الحق عابد علی، حارث سہیل، بابراعظم، شعیب ملک اور محمد حفیظ بھی ورلڈ کپ کے دستے میں شامل ہیں۔

ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی
ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی

محمد عامر اور آصف علی کو انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ محمد عامر کے حوالے سے انضمام الحق نے کہا کہ محمد عامر بہت تجربہ کار بولر ہے لیکن بدقسمتی سے وہ کافی عرصے سے پرفارم نہیں کر رہے۔ اسی وجہ سے اُنہوں نے محمد عامر کو انگلینڈ کے خلاف ٹیم میں شامل کیا ہے۔ اللہ کرے کہ وہ فارم میں آ جائے۔

محمد آصف کے حوالے سے انضمام الحق نے بتایا کہ پاکستانی ٹیم کو مڈل آرڈر میں کوئی ایسا بلے باز چاہیے جو تیزی سے رن کر سکے۔

"آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ میچوں میں عمر اکمل کو موقع دیا تھا لیکن وہ کلک نہ کر سکے۔ اب آصف کو موقع دے رہے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ آصف چل جائے۔ اللہ کرے محمد عامر بھی فارم میں آ جائے۔"

نوجوان فاسٹ بولر حسنین سے متعلق سوال پر چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ وہ ایک سو پچاس کلو میٹر گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرتا ہے اور اسی وجہ سے اسے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

"اللہ کرے کہ وہ انگلینڈ کی فاسٹ وکٹوں پر بھی چل جائے۔"

عماد وسیم سے متعلق سوال پر چیف سلیکٹر نے تسلیم کیا کہ عماد وسیم فٹنس ٹیسٹ پاس نہیں کر سکے لیکن ٹیم کمبی نیشن اور صورت حال کے باعث انہیں تھوڑی فیور دی گئی ہے۔

محمد عباس، محمد رضوان، عثمان شنواری، شان مسعود، یاسر شاہ اور محمد نواز ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے ہیں۔

انضمام الحق نے بتایا کہ اوپنرز کی ذمہ داری امام الحق، فخر زمان کے ساتھ عابد علی ادا کریں گے جبکہ ون ڈاؤن کی پوزیشن بابر اعظم سنبھالیں گے اور پاور ہٹر کے طور پر آصف علی کو شامل کیا گیا ہے۔ مڈل آرڈر بلے بازوں کے طور پر محمد حفیظ، حارث سہیل، شعیب ملک اور سرفراز ہوں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ سے قبل 5 مئی سے 19 مئی تک انگلینڈ کے خلاف پانچ ایک روزہ میچ اور ٹی ٹونٹی میچ کھیلے گی۔

پاکستان کی کرکٹ ٹیم 22 اور 23 اپریل کی رات لندن روانہ ہو گی۔ کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز 30 مئی کو انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ سے ہو گا۔ کرکٹ کے عالمی میلے میں پاکستان اپنا پہلا میچ 31 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG