رسائی کے لنکس

قسمت کا ساتھ: پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں


قسمت کا ساتھ: پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں
قسمت کا ساتھ: پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں

سینٹ لوشیا میں پیر کا دِن ‘ان دی فیلڈ’ اور‘ آف دی فیلڈ،’ دونوں صورتوں میں پاکستان کے نام رہا۔

پہلے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کی مضبوط ٹیم کو 11رنز سے شکست دے دی، جب کہ دوسرے میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو تین وکٹوں سے ہرا کر نہ صرف اپنی فتوحات کا تسلسل برقرار رکھا بلکہ پاکستان کو بھی سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20اووروں میں 148رن بنائے۔ عمر اکمل نے 51، کامران اکمل نے 37 اور شاہد آفریدی نے 30رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

جواب میں، جنوبی افریقہ کی ٹیم پاکستانی سپنرز کو کھیلنے میں مشکلات کا شکار رہی اور مقررہ اووروں میں 137رنز بنا سکی۔ سعید اجمل نے 26رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ عمر اکمل کو ‘مین آف دی میچ’ قرار دیا گیا۔

میدان کے اندر فتحیاب ہونے کے بعد بھی پاکستان کے سیمی فائنل میں کوالی فائی کرنے کے لیے انگلینڈ کی ٹیم کا نیوزی لینڈ کو شکست سے دوچار کرنا ضروری تھا۔ لہٰذا، پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ پاکستانی شائقین ِ کرکٹ کے دل بھی اِس میچ کی لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورتِ حال پر بھی بدستور دھڑکتے رہے۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ اووروں میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 149رنز بنائے۔

جواب میں، انگلینڈ نے جارحانہ انداز میں ہدف کا تعاقب کیا۔ مگر، 66کے سکور پر یکے بعد دیگرے چار وکٹیں گِرنے سے نیوزی لینڈ کی ٹیم میچ میں واپس آگئی۔ لیکن، اِس موقعے پر ایان مورگن کی 40رنسوں کی جارحانہ اننگز اور آخر میں لیوک رائیٹ کے 24اور بریسنن کے جارحانہ 23رنسوں نے انگلینڈ کو پانچ گیندیں قبل ہی وکٹری سٹینڈ پر لاکھڑا کیا۔

آج (منگل) کو بھارت کا مقابلہ سری لنکا، اور آسٹریلیا کا ویسٹ انڈیز سے ہے۔

XS
SM
MD
LG