رسائی کے لنکس

پیٹرول کی قیمت میں 40 روپے کمی کا اعلان، فی لیٹر 283 روپے کا ہو گیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان میں نگراں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ہے جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 323 روپے سے کم ہو کر 283 روپے فی لیٹر پر آ گئی ہے۔

وفاقی وزارتِ خزانہ نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلامیہ جاری کیا۔

اس اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 40 روپے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 283 روپے 38 پیس فی لیٹرہو گئی ہے۔اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں بھی 15 روپے کی کمی کا اعلان کیا گیا ہے

سرکاری اعلامیے کے مطابق ڈیزل کی نئی قیمت 303 روپے 18 پیسے ہو گئی ہے قبل ازیں ڈیزل کی قیمت 318 روپے 18 پیسے تھی۔

واضح رہے کہ نگراں حکومت کے قیام کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا تھا۔

قیمتوں میں اضافے کی وجہ پاکستانی روپے کی قدرمیں ڈالر کے مقابلے میں تیزی سےآنے والی کمی تھی۔ ستمبر کے مہینے کے آغاز میں انٹر بینک میں ایک ڈالر 307 روپے سے اوپر تک چل گیا تھا۔

گزشتہ ایک ماہ میں پاکستان کا روپیہ مستحکم ہوا ہے اور اب ایک ڈالر لگ بھگ 277 روپے کا ہو چکا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں نگراں حکومت اگست کے وسط میں قائم ہوئی تھی۔ اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے رہنما شہباز شریف کی وزارتِ عظمی میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی اتحادی حکومت قائم تھی۔

اس اتحادی حکومت نے یکم اگست کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا جب پیٹرول کی قیمت میں 19 روپے 95 پیسے کا اضافہ کرکے 272 روپے 95 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔ اس سے قبل پیٹرول کی قیمت 235 روپے فی لیٹر تھی۔

اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں اگست میں 19 روپے 90 پیسے کا اضافہ کرکے 273 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔ اس سے پہلے ڈیزل 253 روپے 50 پیسے فی لیٹر تھا۔

نگراں حکومت کے قیام کے بعد 15 اگست کو پیٹرول کی قیمت میں 17 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے کا اضافہ کیا گیا۔

بعد ازاں یکم ستمبر کو نگراں حکومت نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا اور ملک کی تاریخ میں پہلی بار پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت 300روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گئی تھی۔

یکم ستمبر کو پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 91 پیسے کا اضافہ کرکے نئی قیمت 305 روپے 36 پیسے مقرر کی گئی جب کہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 18 روپے 44 پیسے کا اضافہ کرکے 311 روپے 84 پیسے فی لیٹر قیمت مقرر ہوئی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا یہ سلسلہ یہاں پر رکا نہیں بلکہ 16 ستمبر کو نگراں حکومت کا جو اعلامیہ جاری ہوا اس میں ایک بار پھر قیمتوں میں بڑے اضافے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

ستمبر کے وسط میں پیٹرول کی قیمت میں 26 روپے 2 پیسے کا اضافہ ہوا اور اس کی فی لیٹر قیمت 331 روپے 38 پیسے پر جا پہنچی تھی جب کہ ڈیزل 329 روپے 18 پیسے فی لیٹر کا ہو گیا تھا۔

اکتوبر کے آغاز میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہوئی اور حکومت نے اس میں معمولی کمی کا اعلان کیا۔

اکتوبر میں پیٹرول کی قیمت میں آٹھ روپے کمی کرکے فی لیٹر قیمت 323 روپے 38 پیسے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے کمی کرکے 318 روپے 18 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی۔

اب پیٹرول کی قیمت تو ایک بار پھر تین سو روپے سے کم ہو گئی ہے البتہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت اب بھی تین سو روپے سے بلند ہے۔

XS
SM
MD
LG