رسائی کے لنکس

امریکہ: یوم آزادی کی تقریبات، جوش و خروش


فائل
فائل

اس پریڈ کے لئے سینکڑوں کی تعداد میں پاکستانی پرچم والے خصوصی لباس تیار کرائے گئے ہیں، جبکہ پاکستانی تاجروں کی کمپنیاں اپنی مصنوعات کی تشہیر کے لئے فلوٹ کا بھی استعمال کریں گی جس میں پاکستانی ثقافت کا اظہار بھی ہوگا

امریکہ کے مختلف شہروں میں پاکستان کی یوم آزادی کی تقریبات پورے جوش و خروش سے جاری ہیں، جس کے دوران ’پاکستان ڈے پریڈ‘، میلے اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔

ماہ اگست کی آمد کے ساتھ ہی امریکہ میں مقیم پاکستانی نژاد برادری نے یوم آزادی کی مناسبت سے جشن آزادی کی تقریبات کا اغاز کردیا ہے۔

منتظمین کے مطابق، یوم آزادی کے موقع پر پاکستان سفارتخانے اور قونصل خانے کے علاوہ سینکڑوں ’کمیونٹی سنٹرز‘ میں پاکستانی پرچم کشائی کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں لوگ اہل خانہ اور بچوں کے ہمراہ شریک ہوں گے۔

جشن آزادی کے سلسلے میں اتوار 16 اگست کو شکاگو، نیوجرسی اور نیویارک میں ’پاکستان ڈے پریڈ‘ اور میلے کا اہتمام کیا گیا ہے، جس میں روایتی طور پر کثیر تعداد میں لوگ شریک ہوتے ہیں۔

نیویارک میں منعقد ہونے والے تاریخی بروکلین میلے کا اہتمام بروکلین مرچنٹ ایسوسی ایشن کرتی ہے۔ اس سالانہ تقریب میں لوگ بڑی تعداد میں پاکستانی اور امریکی پرچم کے ساتھ شریک ہوتے ہیں، اور نغموں کی چھاپ پر امریکہ میں پیدا ہونے والی نوجوان نسل بھی جھوم اٹھتی ہے۔

میلے میں پاکستانی ثقافت کے اظہار کے لئے کھانے پینے کی پاکستانی اشیاِ، پکوان، کپڑوں اور دیگر اشیا کے اسٹال لگائے جاتے ہیں۔

یوم آزادی کے موقع پر اسی اتوار کو پہلی بار نیوجرسی میں ووڈبرج کے مقام پر ’پاکستان ڈے پریڈ‘ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جس میں جنوبی اشیائی باشندوں کے علاوہ امریکہ کی دیگر کمیونٹی کی اہم شخصیات اور حکام کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

اس پریڈ کے لئے پاکستانی پرچم والے خصوصی لباس تیار کیے گئے ہیں، جبکہ پاکستانی نژاد تاجروں کی کمپنیاں اپنی مصنوعات کی تشہیر کے لئے فلوٹ کا بھی استعمال کریں گی، جس میں پاکستانی ثقافت کا بھی اظہار ہوگا۔

ہوسٹن، کیلی فورنیا اور کینیڈا کے مختلف شہروں میں بھی یوم آزادی کی رنگا رنگ تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستانی نژاد امریکیوں میں خاصا جوش و خروش دیکھنے میں آ رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG