رسائی کے لنکس

کراچی بس حملے میں مرنے والوں کی تدفین، فضا سوگوار


اس واقعے میں امریکہ، اقوام متحدہ، یورپی یونین سمیت مختلف ملکوں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں اسماعیلی برادری کی بس پر مہلک حملے میں مرنے والوں کی تجہیز و تکفین جمعرات کو ہو رہی ہے جب کہ پورے ملک میں ایک دن کا قومی سوگ بھی منایا جا رہا ہے۔

بدھ کی صبح صفورا چورنگی کے قریب نامعلوم حملہ آوروں نے اسماعیلی برادری کے افراد کو لے جانے والی ایک بس میں گھس کر فائرنگ کی تھی جس سے خواتین سمیت 45 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اس واقعے کی امریکہ سمیت عالمی برادری نے پرزور مذمت کرتے ہوئے شرپسند عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے پر زور دیا ہے۔

جمعرات کو کراچی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، بازار، کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند ہیں اور امتحانی پرچے ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

حملے میں ہلاک ہونے والوں کی میتوں کو بدھ کو دیر گئے اسپتالوں سے مختلف جماعت خانوں میں منتقل کر دیا گیا تھا جہاں ان کی آخری رسومات کے لیے انتظامات کیے گئے۔

ان افراد کی نماز جنازہ جمعرات کی صبح الاظہر گارڈن کے علاقے میں ادا کی گئی جس کے بعد انھیں سپرد خاک کر دیا جائے گا۔

ملک کی سیاسی و عسکری قیادت نے اسماعیلی برادری پر ہونے والے اس حملے کے بعد کراچی میں شر پسند عناصر کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کو مزید موثر اور تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اپنا تین روزہ دورہ سری لنکا ملتوی کر کے بدھ کی دوپہر کراچی پہنچے تھے جب کہ وزیراعظم جمعرات کی شام دیگر اعلیٰ شخصیات کے ہمراہ کراچی آئے اور ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائی جائیں گے۔

ادھر اس واقعے میں امریکہ، اقوام متحدہ، یورپی یونین سمیت مختلف ملکوں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

اسماعیلی فرقے کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن پسند لوگوں پر حملہ قابل مذمت ہے۔

وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پرنس کریم آغا خان کو فون کر کے اس حملے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور انھیں اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا یقین دلایا۔

XS
SM
MD
LG