رسائی کے لنکس

’ناکافی باضابطہ ردعمل عوامی مایوسی میں اضافے کی وجہ‘


جنرل اشفاق پرویز کیانی (فائل فوٹو)
جنرل اشفاق پرویز کیانی (فائل فوٹو)

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد میں امریکی اسپیشل فورسز کے خفیہ آپریشن کے بارے میں حکومت کی طرف سے ناکافی باضابطہ ردعمل عوامی مایوسی میں اضافے کی ایک وجہ بنا ہے۔

پیر کو راولپنڈی، کھاریاں اور سیالکوٹ میں فوجی افسران سے خطاب کرتے ہوئے جنرل کیانی نے کہا کہ نامکمل معلومات اور محدود تکنیکی تفصیلات کے باعث ایبٹ آباد میں پیش آنے والے واقعے کے بارے میں قیاس آرائیوں نے جنم لیا اور یہ صورت حال عوام کی خاص توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

فوج کے سربراہ کی تقریر کی تفصیلات آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتائی گئی ہیں۔ ”ہمارا یقین ہے کہ قابل احترام منتخب نمائندوں کو پاکستانی عوام کو اعتماد میں لینے کی ضرورت ہے۔“

جنرل کیانی کے بقول اُنھوں نے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے تاکہ ایبٹ آباد سے متعلق سلامتی کے امور پر اراکین کو تفصیلات سے آگاہ کیا جا سکے۔

مزید برآں بیان کے مطابق فوج کے سربراہ نے اہم سلامتی کے امور بشمول دہشت گردی کے خلاف جنگ پر قومی اتفاق رائے کے لیے جمہوریت کی طاقت کو استعمال کرنے کی درخواست کی تاکہ پارلیمان کے ذریعے موثر انداز میں دنیا کو اُن کامیابیوں سے آگاہ کیا جائے جو پاکستان نے القاعدہ اور اس کی حامی تنظیموں کے خلاف حاصل کی ہیں۔

XS
SM
MD
LG