رسائی کے لنکس

امریکہ: ’یوم دفاع پاکستان‘ کی تقریبات کا اہتمام


مقررین نے اس موقع پر ملک میں دہشت گردی کے خلاف جاری ’ضرب عضب‘ پر پاکستانی فوج کو خراج تحسین پیش کیا اور بدعنوانی کے خلاف حالیہ کارروائیوں کی بھی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا گیا

چھ ستمبر کو یوم دفاع پاکستان کے موقع پر نیویارک، نیوجرسی، ہوسٹن اور شکاگو میں کمیونٹی رہنماؤں نے خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا۔

نیویارک میں مسلم لیگ یوتھ ونگ کے رہنما، راجہ رزاق کی سربراہی میں منعقدہ تقریب میں، پاکستانی کمیونٹی کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر قومی پرچم لہرایا گیا، جب کہ مقررین نے دِن کی اہمیت کو اجاگر کیا، ملک میں اتحاد کو فروغ دینے اور ملکی دفاع کو مستحکم کرنے پر زور دیا۔

تقریب میں پاکستان کے قونصل جنرل راجہ علی اعجاز نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر، مقررین نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان میں جاری ’ضرب عضب‘ پر پاکستانی فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کرپشن کے خلاف ان کی حالیہ کارروائیوں کی بھی حمایت کا اعادہ کی۔

ان کا خیال تھا کہ ملک کے شمالی علاقوں میں جاری آپریشن ملکی دفاع کو یقینی بنانے کی جدوجہد کا حصہ ہے۔

تاہم، بعض مقررین نے ان خیالات کا اظہار بھی کیا کہ 65 ء کی جنگ کو یاد کرتے ہوئے، 1971ٰء کی جنگ کو نہیں بھولنا چاہئے۔ بقول اُن کے، کسی ملک کا دفاع انصاف اور تعلیم کے بغیر ممکن نہیں، جس پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

پروگرام کے اختتام پر، پاکستان سے آئے ہوئے فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور قومی نغموں کی دھن پر حاضرین نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کیے۔

XS
SM
MD
LG