رسائی کے لنکس

اسلام آباد: پمز اسپتال میں فائرنگ سے سینیئر ڈاکٹر شدید زخمی


ڈاکٹر شاہد ’وی آئی پی وارڈز‘ سے ایک مریض کا معائنہ کر کے اپنے گھر جانے کے لیے نکلے ہی تھے کہ ان پر وہاں موجود ایک شخص نے فائرنگ کر دی۔

پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں ہفتہ کو ایک نامعلوم شخص نے فائرنگ کر کے ایک سینیئر ڈاکٹر کو زخمی کر دیا۔

پمز اسپتال کے ترجمان ڈاکٹر وسیم خواجہ کے مطابق امراض قلب کے ماہر ڈاکٹر شاہد ملک نامعلوم شخص کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گئے "جن کی جان بچانے کے لیے ڈاکڑ بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔"

انھوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ڈاکٹر شاہد ’وی آئی پی وارڈز‘ سے ایک مریض کا معائنہ کر کے اپنے گھر جانے کے لیے نکلے ہی تھے کہ ان پر وہاں موجود ایک شخص نے فائرنگ کر دی۔

اسلام آباد پولیس کے سربراہ طاہر عالم نے جائے وقوع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ اس واقعے کے فوراً بعد اسپتال کے داخلی و خارجی راستوں کو بند کر دیا گیا تھا لیکن تاحال کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں پولیس کی چوکی بھی موجود ہے جب کہ اسپتال کے سکیورٹی گارڈز کو بھی پولیس نے تربیت فراہم کر رکھی ہے۔

طاہر عالم کے بقول تاحال اس واقعے کے اصل محرکات کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

پمز اسپتال میں ہی گزشتہ دنوں ایک زیر تربیت نرس کی ہلاکت کا واقعہ پیش آ چکا ہے جس کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ یہ خودکشی کا واقعہ تھا۔

XS
SM
MD
LG