افغان سرحد سے ملحقہ پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں منگل کو ایک مبینہ امریکی میزائل حملے میں کم از کم 15 مشتبہ شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں ۔
مقامی سکیورٹی عہدیداروں کے مطابق بغیر پائلٹ کے مبینہ جاسوس طیارے سے داغے گئے میزائلوں کا ہد ف شمالی وزیرستان کے علاقے بنگی دار میں مشتبہ شدت پسندوں کا ایک گھر اور گاڑی تھی۔
شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے زیراستعمال مشتبہ مراکز اور گاڑیوں پر حالیہ مہینوں میں تواتر کے ساتھ ڈرون طیاروں سے حملے کیے جاتے رہے ہیں ۔
افغان سرحد سے ملحقہ اس قبائلی علاقے میں سرگرم حقانی نیٹ ورک اور دیگر شدت پسند سرحد پار افغانستان میں غیر ملکی افواج پر مہلک حملوں میں ملوث رہے ہیں اور امریکہ پاکستان سے یہ مطالبہ کرتا آیا ہے کہ وہ اس قبائلی علاقے میں موجود شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کرے۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ وہ شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن اپنی سہولت اور زمینی حقائق کو دیکھ کر ے گا۔