رسائی کے لنکس

افغانستان سے منشیات کی سمگلنگ روکنے کے لیے پاکستانی حکام کے اقدامات


افغانستان سے منشیات کی سمگلنگ روکنے کے لیے پاکستانی حکام کے اقدامات
افغانستان سے منشیات کی سمگلنگ روکنے کے لیے پاکستانی حکام کے اقدامات

انسداد منشیات کی وزرات کے سیکرٹری طارق کھوسہ نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ اُن کی وزرات ان دنوں ایک ایسی حکمت عملی بنانے میں مصروف ہے جس سے نہ صرف افغانستان سے پاکستان آنے والی منشیات کی روک تھام کی جاسکے بلکہ اس میں ہیروئن، حشیش اور دیگر ممنوعہ منشیات کے عادیوں کو بہتر علاج معالجہ فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کرنا بھی شامل ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران بھی افغانستان سے پاکستان سمگل کی جانے والی حشیش کی ایک بڑی مقدار قبضے میں لی گئی ہے جب کہ اُنھوں نے افغانستان میں موجودسکیورٹی فورسز پربھی زور دیا کہ وہ وہاں پوست کی کاشت اور وہاں سے منشیات کی دوسرے ممالک کو سمگلنگ روکنے میں کردار ادا کریں ۔

طارق کھوسہ کا یہ بھی ماننا ہے کہ انسداد منشیات کے سلسلے میں اس خطے میں افغانستان ، پاکستان اور ایران کے قریبی تعاون بھی ضروری ہے اور اس سلسلے میں بین الاقوامی برادری کو بھی ان ممالک کی بھرپور مدد کرنی چاہیئے ۔

اقوام متحدہ کے منشیات اور جرائم سے متعلق ادارے ”یو این اوڈی سی “ کے پاکستان میں نمائندے جرمیی ڈیگلاس نے وائس آف امریکہ سے گفتگومیں بتایا کہ انسداد منشیات کے لیے کی جانے والی عالمی کو ششوں میں پاکستان کی کاوشیں قابل ستائش ہیں اور اقوام متحدہ کا یہ ادارہ اس سلسلے میں پاکستان اور افغانستان دونوں کی مدد کر رہا ہے۔

اُنھوں نے کہاکہ ایک تخمینے کے مطابق پاکستان میں منشیات کے عادی چھ لاکھ سے زائد افراد میں سے صرف 18 ہزار لوگوں کو ہی ہر سال علا ج معالجے کی سہولت مہیا کی جاسکتی ہے جو کہ اُن کے بقول ایک تشویشناک بات ہے اور منشیات استعمال کرنے والے زیادہ سے زیادہ افراد کوعلاج کی سہولت فراہم کرنے کی حکومت پاکستان کی کوششوں میں اُن ادارہ بھی تعاون کررہا ہے۔

خیال رہے کہ رواں سال اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسداد منشیات کی طرف سے جاری ہونے والے اعدادو شمار کے مطابق ہیروئن کی تیاری میں استعمال ہونے والی پوست کی کل پیداوار کا90 فیصد افغانستان میں پیدا ہوتا ہے ۔ ادارے کے مطابق افغانستان کے 34 میں سے 17صوبوں میں پوست کی کاشت بالکل ختم کردی گئی ہے جب کہ ادارے کے مطابق پوست کی پیدوار اُن افغان صوبوں میں زیادہ ہے جہاں امن واما ن کی حالت تسلی بخش نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG